شہرِ لاہور، جو بادشاہوں کی یادوں، مغلیہ فنِ تعمیر اور زندہ دل ثقافت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے، اب سیاحت کے ایک نئے دور میں داخل ہونے جا رہا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کی مشہور لاہور کینال، جو مغل دور سے چلی آ رہی ہے اور شہر کی خوبصورتی کا ایک نمایاں حصہ سمجھی جاتی ہے، جلد ایک منفرد شپ ریسٹورنٹ کی میزبانی کرے گی۔
یہ منصوبہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو لاہور کو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بھی مزید پرکشش بنائے گا۔
مزید پڑھیں: پی کے ایل آئی میں جگر کی پیوندکاری کے ایک ہزار آپریشن مکمل، وزیرِ اعظم کا اظہار تشکر
تاریخی لاہور کینال، ماضی اور حال کا امتزاج
لاہور کینال، جو دریائے راوی سے نکلتی ہے، مغل بادشاہوں کے دور میں آبپاشی اور تفریح کے مقاصد کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔ آج یہ شہر کی لائف لائن کہلاتی ہے، جس کے کناروں پر پارکس، جھولی لال مندر اور جلو کے علاقے میں تفریحی مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ تاہم، بڑھتی آبادی اور سیاحت کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس کینال کو جدید تفریحی مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت کا لاہور سیاحت
کے فروغ کیلئے منفرد منصوبہ۔۔۔ pic.twitter.com/f5q38LJjBN— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) November 4, 2025
یہ منصوبہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کے سپرد کیا گیا ہے، جو شہر کے سبزہ زاروں اور پارکس کی دیکھ بھال کرتی ہے۔ پی ایچ اے نے منصوبے کے لیے ٹینڈرز طلب کر لیے ہیں اور ہدف رکھا گیا ہے کہ پراجیکٹ رواں مالی سال (2025-26) کے دوران مکمل کیا جائے۔
مزید پڑھیں: سعودی اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ پاکستان ملکی معیشت کے لیے اہم کیوں ہے؟
3 منزلہ شپ ریسٹورنٹ کا خاکہ
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے لاہور راجا منصور احمد کے مطابق شپ ریسٹورنٹ جلو کے قریب لاہور کینال میں تعمیر کیا جائے گا، جہاں پی ایچ اے کی ایک تفریح گاہ پہلے سے موجود ہے۔ یہ شپ 3 منزلہ ہوگا اور بیک وقت 80 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھے گا۔ منصوبے میں الگ کچن، پارکنگ اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
ریسٹورنٹ میں داخلہ مفت ہوگا جبکہ کھانے کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ اس کا آپریشن آؤٹ سورس کیا جائے گا اور ترجیح معیاری فوڈ چینز کو دی جائے گی تاکہ کھانے کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔
راجا منصور احمد کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف لاہوریوں اور دیگر شہروں سے آنے والے سیاحوں کو معیاری کھانوں کی فراہمی یقینی بنائے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات سے تحصیل فیروزوالہ، شیخوپورہ میں سینکڑوں جانیں بچ گئیں
ان کے مطابق، وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن ہے کہ لاہور کو سیاحت کا عالمی مرکز بنایا جائے۔ یہ شپ ریسٹورنٹ تفریح کے ساتھ ساتھ شہر کی معیشت کو بھی فروغ دے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کینال کے کنارے واکنگ ٹریکس، بوٹنگ ایریاز اور پکنک اسپاٹس بھی بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبہ پنجاب اس وقت انفراسٹرکچر، تفریح اور سیاحت کے فروغ پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔
سیاحت کو نئی بلندیوں پر لے جانے والا منصوبہ
یہ منصوبہ لاہور کی سیاحت کو نئی جہت فراہم کرے گا، جہاں کینال کے دلکش مناظر کے درمیان شپ پر کھانے کا تجربہ سیاحوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے منفرد اور تخلیقی منصوبے شہر کی معیشت کو تقویت دیں گے اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ کریں گے۔
پی ایچ اے کے مطابق، منصوبہ مکمل ہونے کے بعد لاہور کینال کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہوگی، اور یہ پراجیکٹ شہر کی ثقافت، جدیدیت اور مہمان نوازی کی علامت بن جائے گا۔














