کافی کا شوق اب صرف روزمرہ کی عادت نہیں رہا بلکہ یہ لگژری مشروب بن چکا ہے۔ دبئی کے ایک کیفے نے دنیا کی سب سے مہنگی کافی پیش کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جس کی قیمت 3,600 درہم (تقریباً 87,000 روپے) ہے۔
اس مہنگی کافی کے لیے استعمال ہونے والے بینز کا نام Nido 7 Geisha ہے، جو پاناما کے بارو آتش فشاں کے قریب محدود مقدار میں اگائے جاتے ہیں۔ یہ بینز Best of Panama نیلامی میں تقریباً مکمل اسکور حاصل کر چکے ہیں اور عالمی کافی شائقین کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ کیفے نے اس نایاب بینز کا پورا اسٹاک 2.2 ملین درہم (تقریباً 5.3 کروڑ روپے) میں خریدا ہے، اور صرف 400 کپ کی محدود مقدار میں پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چائے یا کافی، لوگ کس مشروب کو زیادہ پسند کرتے ہیں؟
اس کافی کو پیش کرنے سے قبل مہمانوں کو بینز کی کہانی سنائی جاتی ہے اور کافی بغیر کسی چینی یا دودھ کے پیش کی جاتی ہے۔ کافی پینے والے اس کے ذائقے میں چمبیلی، ترش پھل، شہد اور اسٹون فروٹ کے نوٹس محسوس کرتے ہیں۔
دبئی اس قسم کی اعلیٰ معیار کی کافی کے لیے بہترین مقام سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہاں منفرد اور لگژری تجربات کے شوقین افراد کی بڑی تعداد موجود ہے۔ کیفے کے مطابق اس کافی نے بین الاقوامی سطح پر شائقین اور کلیکٹرز کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس غذائی اخراجات میں ہونے والے نصف سے زیادہ اضافے کا سبب چائے اور کافی کیوں؟
ماہرین کے مطابق، یہ صرف مہنگی کافی پیش کرنے کا معاملہ نہیں بلکہ اسپیشلٹی کافی کے شعبے میں جدت اور لگژری تجربات کو فروغ دینے کی نشانی ہے۔
اس سے قبل بھی دبئی کے مقامی برانڈ روسٹرز اسپیشیالٹی کافی ہاؤس نے سب سے مہنگی کافی کی پیالی پیش کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، جہاں ایک کپ کی قیمت 2500 درہم رکھی گئی تھی۔














