وزیرِ مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: تحریک عدم اعتماد کا طریقہ کار طے پا گیا، نمبر پورے ہیں، وزیر قانون میاں عبدالوحید
طلال چوہدری کے ساتھ جمعے کو مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم دل سے آزاد کشمیر کے شہریوں کی عزت کرتے ہیں اور قائداعظم کے قول ’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘ اس پر وطن عزیز کے ہر بچے کا ایمان ہے۔
انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل تک ہم ہر فورم پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک اہم اشو کے طور پر دوبارہ ابھرا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، طلال چوہدری
اس موقعے پر طلال چوہدری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز پھیلائی جا رہی ہیں جن میں پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ اسلام آباد آنے والے کشمیر بھائیوں کے ساتھ پولیس زیادتی کر رہی ہے جو کہ سراسر غلط ہے۔
مزید پڑھیے: آزاد کشمیر میں مظاہرین کے ساتھ مذاکرات دانشمندانہ فیصلہ، بھارتی ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ماہرین
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ذمے داریاں ملک کے دیگر حصوں کی پولیس سے کہیں زیادہ ہے کیوں کہ یہ دارالخلافہ ہے یہاں ملکی شخصیات کے علاوہ غیر ملکی وی وی آئی پیز بھی زیادہ تواتر سے آتے ہیں جن کی حفاظت اسلام آباد پولیس کے ذمے ہوتی ہے اور ان کی معمولی کوتاہی بھی نظر انداز نہیں کی جاتی ہے۔
اس موقعے پر انہوں نے کچھ ویڈیوز بھی چلائیں اور بتایا کہ ایسی ویڈیوز پرانی بھی ہوتی ہیں، ان میں کیپشنز گمراہ کن لگائے جاتے ہیں اور نئی آوازیں بھی شامل کی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں: کشمیری عوام ہر صورت آزادی حاصل کرکے رہیں گے، صدر آزاد کشمیر
طلال چوہدری نے کہا کہ ایک ویڈیو میں تو واقعہ کشمیر کے اسپتال کا تھا لیکن اس کو اس ویڈیو میں اس طرح پیش کیا گیا جیسے وہ راولپنڈی کا اسپتال ہو۔














