پاکستان تحریکِ انصاف بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں آج ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ فیصلہ پارٹی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جو صوبائی صدر داود شاہ کاکڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ: پی ٹی آئی جلسے کے پیش نظر راستے بند، انٹرنیٹ سروس معطل
اجلاس میں صوبائی سینئر نائب صدر سید صادق آغا، صوبائی نائب صدر نواب خان دمڑ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے داود شاہ کاکڑ نے کہا کہ شہر بھر کو کنٹینرز اور ٹرکوں کے ذریعے بند کر دیا گیا ہے، جس سے کارکنان اور شہریوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے۔

ان کے مطابق انتظامیہ حالات کو کشیدہ بنا کر 26 نومبر جیسے واقعات دہرانا چاہتی ہے۔
داود شاہ کا کہنا تھا کہ ریلوے ہاکی گراؤنڈ کو پانی سے بھر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے جلسہ وہاں ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے کارکنان پرامن ہیں، مگر حکومت جان بوجھ کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اسی لیے جلسہ منسوخ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ: پی ٹی آئی کے 18 کارکن جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
پی ٹی آئی رہنماؤں نے وضاحت کی کہ جلسہ ملتوی کیا گیا ہے، منسوخ نہیں، اور جلد ہی نئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
سیکیورٹی خدشات اور عوامی مشکلات
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، پی ٹی آئی اور تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کے جلسوں کے باعث سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کے مختلف راستے بند کیے گئے تھے، جبکہ صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔
اس صورتِ حال کے باعث کوئٹہ میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔














