جی 20 ممالک بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں کانفرنس سے باز رہنے کا کہیں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 20 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ تمام جی 20 ممالک سے درخواست ہے ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں کانفرنس سے باز رہنے کا کہیں، کیونکہ مسئلہ کشمیر آج اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں حل طلب ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے جی 20 اجلاس کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت متنازعہ وادی کشمیر میں جی 20 کانفرنس کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ چین نے جس مؤقف کا اعادہ کیا اور بھارت کو وارننگ دی، دیگر ممبر ممالک کو بھی پُر زور انداز سے بھارت کو کہنا ہوگا، دیگر ممالک کو بھی اس طرح کی کانفرنس میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔

سردار تنویر الیاس نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ہندوستان تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے وہاں پر ایسی کوئی کارروائی بھی کرسکتا ہے۔ تمام جی 20 ممالک سے درخواست ہے کہ ہندوستان کو اس کانفرنس سے باز رہنے کا کہیں۔

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا ہندوستانی فوج نے کشمیری رہنما شیبر شاہ کی فیملی کو ہراساں کیا، پوری دنیا کو آگے بڑھ کر بھارتی فوج کے اس اقدام کی مذمت کرنی چاہیے، ہندوستانی اقدامات کی وجہ سے انسانیت سسک رہی ہے چیخ رہی ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا 22 مئی کو مظفرآباد میں پُر امن ریلی منعقد کریں گے، جی 20 کانفرنس کے موقع پر کشمیری پاکستانی جہاں بھی ہیں سراپا احتجاج بن جائیں، ہندوستانی اقدامات کیخلاف ایسا احتجاج کریں کہ دنیا دیکھے اور سوال پوچھنے پر مجبور ہو جائے کہ یہ قوم کیوں نکلی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp