9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ون ڈے اور ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے دوران کرکٹ ٹیموں کی اسلام آباد سے راولپنڈی تک موومنٹ کے موقع پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں 15 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا
ترجمان کے مطابق میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے 300 سے زائد افسران ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ فیصل ایونیو بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے، کلب روڈ سے فیض آباد یا پارک روڈ سے لہتراڑ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔

اسی طرح نائنتھ ایونیو بند ہونے پر سبزی منڈی موڑ، پولیس لائن چوک سے سری نگر ہائی وے یا راولپنڈی سے گولڑہ موڑ اور پشاور موڑ کے راستے سفر کیا جا سکتا ہے۔
مارگلہ روڈ سے کھنہ کی سمت جانے والے شہریوں کو بلیو ایریا سے کلب روڈ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سروس روڈز پر ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کارکردگی پر ابرار احمد مین آف دی قرار
ترجمان نے بتایا کہ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت کے ساتھ نکلیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔
مزید آگاہی کے لیے شہری اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پکار 15 یا ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔













