بھارتی اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے بھائی میجر (ریٹائرڈ) وکرانت جیٹلی کے لیے جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے، جو 2024 سے متحدہ عرب امارات میں حراست میں ہیں۔ پوسٹ میں سیلینا نے لکھا کہ وہ ہر لمحہ اپنے بھائی کے لیے فکر مند ہیں اور انہوں نے اس کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔
انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا کہ ’میرا ڈمپی، مجھے امید ہے تم ٹھیک ہو، مجھے امید ہے تم جانتے ہو کہ میں تمہارے لیے ایک پتھر کی طرح کھڑی ہوں، امید ہے تم جانتے ہو کہ میں نے ایک بھی رات تمہارے لیے روئے بغیر نہیں سوئی، امید ہے تم جانتے ہو کہ میں تمہارے لیے سب کچھ قربان کر دوں گی، امید ہے تم جانتے ہو کہ ہمارے درمیان کوئی نہیں آ سکتا، امید ہے تم جانتے ہو کہ میں نے کوئی کوشش نہیں چھوڑی، مجھے امید ہے خدا آخرکار تمہارے اور میرے لیے مہربان ہوگا، میرے بھائی میں تمہارا انتظار کر رہی ہوں‘۔
View this post on Instagram
یہ پوسٹ اس کے چند دن بعد آئی جب دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 ہفتوں میں میجر وکرانت جیٹلی کی صورتحال پر رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت دی۔ اداکارہ نے عدالت سے قانونی اور طبی امداد فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ ہائی کورٹ نے ایک افسر کی تقرری کی بھی ہدایت دی ہے تاکہ میجر وکرانت جیٹلی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور انہیں مناسب مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جیلوں میں خطرناک مجرموں کی شراب پارٹیوں نے حکومتی رٹ کا بھرم کھول دیا
سیلینا نے اپنے بھائی کے حوالے سے ایک اور پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ حکومت پر اعتماد رکھتی ہیں اور امید کرتی ہیں کہ ان کے بھائی کو محفوظ واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکرانت جیٹلی ایک چوتھی نسل کے فوجی ہیں، جنہوں نے اپنی پوری جوانی ملک کی خدمت میں گزاری۔
اس معاملے کی مزید سماعت 4 دسمبر کو متوقع ہے۔ سیلینا جیٹلی کی نمائندگی وکلاء راگھو ککر اور ماذو اگروال نے کی۔ وکیل راگھو ککر نے بتایا کہ نودل افسر کی تقرری سے قانونی مدد اور کیس کی صورتحال سے اپ ڈیٹ فراہم کرنے میں مدد ملے گی، اور یہ اقدامات بھارت اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو بھی مضبوط کریں گے۔














