مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل میں عمران خان کو عام قیدیوں کے مقابلے میں غیر معمولی آسائشیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
سینیٹر آغا شاہزیب درانی کے مطابق، ’عمران خان کو جیل میں آٹھ کمرے اور آٹھ مشقتی دیے گئے ہیں، جبکہ کسی دوسرے سیاسی اسیر کو ایسی سہولیات کبھی نہیں ملتیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان کو ناشتہ میں دیسی مرغی اور شہد فراہم کیا جاتا ہے، جب کہ انہیں جم اور لائبریری کی سہولت بھی میسر ہے‘۔
انہوں نے سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے دورِ اسیری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک وقت تھا جب رانا ثنا اللہ کے لیے اسٹینڈنگ آرڈر جاری تھا کہ ان کے سیل کے فرش پر چینی گرائی جائے تاکہ چیونٹیاں اور کیڑے مکوڑے آئیں اور انہیں اذیت دی جائے، مگر آج عمران خان کو جیل میں وی آئی پی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں‘۔
سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں متعدد سیاستدان قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر چکے ہیں، لیکن کسی کو بھی ایسی سہولیات حاصل نہیں ہوئیں جیسی آج عمران خان کو دی جا رہی ہیں‘۔













