تھل جیپ ریلی میں لیگی خاتون ایم پی اے اور ڈی سی لیہ کے درمیان ڈرائی فروٹس تنازع کیا ہے؟

پیر 10 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی پنجاب کے صحرائی علاقوں میں 6 سے 9 نومبر تک منعقد ہونے والی تھل جیپ ریلی 2025 کے اختتامی دنوں میں ایک غیر معمولی تنازع سامنے آیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خاتون ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لیہ امیرا بیدار بخت کی جانب سے ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، جس پر پارٹی رہنماؤں نے جیپ ریلی کا بائیکاٹ کردیا۔

دوسری جانب ڈی سی لیہ نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت کہانی قرار دیا ہے۔

تھل جیپ ریلی کا 10واں ایڈیشن شاندار طریقے سے منعقد ہوا، جس میں 100 سے زائد مرد و خواتین ریسرز نے شرکت کی۔ ریلی کا اختتام 9 نومبر کو ہوا، جہاں پری پیئرڈ کیٹیگری میں فیصل شادی خیل نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں سلمیٰ مروت نے 100 کلومیٹر ٹریک کو 1 گھنٹہ 30 منٹ 20 سیکنڈ میں مکمل کرکے کامیابی حاصل کی۔

ریلی میں ثقافتی میلہ، میوزیکل نائٹس، اونٹ ڈانس اور لوک موسیقی جیسے پروگرام بھی شامل تھے۔

وی نیوز سے خصوصی بات چیت میں مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے بتایا کہ وہ 8 نومبر کو اپنی فیملی کے ہمراہ ریلی دیکھنے گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی سیٹیں مختص تھیں، لیکن اسٹیج پر بیٹھنے کی جگہ نہ ملنے پر انہوں نے اے ڈی سی آر شاید ملک سے کہا کہ ڈی سی صاحبہ کے صوفے پر پڑی ڈرائی فروٹس کی ٹرے سائیڈ پر رکھ دی جائے تاکہ وہ بیٹھ سکیں۔

جواب میں انہیں کہا گیا کہ ڈرائی فروٹس نہیں ہٹ سکتے کیونکہ میڈم ڈی سی ڈرائی فروٹس کے بغیر رہ نہیں سکتیں۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے سمعیہ عطا شہانی نے احتجاجاً اسٹیج چھوڑ دیا اور پارٹی کے ضلعی صدر کو معاملہ بتایا، جس پر 9 نومبر کو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے تھل جیپ ریلی کا بائیکاٹ کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل ان کے بیٹے کے ساتھ بھی ڈی سی لیہ کے گارڈز نے بدتمیزی کی تھی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ یہ معاملہ پنجاب اسمبلی میں اٹھائیں گی، تحریکِ استحقاق جمع کروائیں گی اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کو بھی اس معاملے کے حوالے سے آگاہ کرچکی ہیں۔

دوسری جانب ڈی سی لیہ امیرا بیدار بخت نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لیگی ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی کے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی کوئی خاتون ایم پی اے میرے پاس آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک من گھڑت کہانی بنا کر پیش کی جارہی ہے اور لیگی ایم پی اے کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تھل جیپ ریلی جنوبی پنجاب کا بڑا ایونٹ ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما پہلے دن بھی اسٹیج پر موجود تھے اور آخری دن بھی۔ سب لیڈران کی عزت کی جاتی ہے اور بیٹھنے کے مکمل انتظامات کیے گئے تھے۔

ڈرائی فروٹس کی ٹرے والی بات کو غلط قرار دیتے ہوئے ڈی سی صاحبہ نے کہا کہ اگر بیٹھنے کا کوئی ایشو ہوتا تو وہ خود معاملہ حل کروا دیتیں بلکہ اگر ایسی کوئی بات تھی تو انہیں مجھے بتانا چاہیے تھا، میں ان کے بیٹھنے کا مسئلہ حل کروا دیتی۔

سوشل میڈیا پر اپنی خواتین سیکیورٹی گارڈز والی تصویر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ خاتون ہونے کی وجہ سے خواتین سیکیورٹی رکھتی ہیں اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر بہودہ مہم چلائی جا رہی ہے۔

یہ تنازع سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جہاں کچھ لوگ ڈی سی صاحبہ کی سیکیورٹی کو غیر ضروری قرار دے رہے ہیں۔ تاہم اب تک پنجاب حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

انقلاب کے دنوں میں محبت، بنگلہ دیشی اور پاکستانی جوڑے کی کہانی

پاکستان میں بیروزگار افراد کی تعداد 59 لاکھ ہوگئی، خیبر پختونخوا سب سے آگے

ہائی نان، خوبصورت ساحلوں اور چائے کے باغات سے بھی آگے اب ایک غیر معمولی فری ٹریڈ زون

’سابق مس انڈیا کو شوہر نے دھمکی دی کہ تمہارا چہرہ بگاڑ دوں گا‘، وکیل کا انکشاف

شنگھائی ایئرپورٹ پر بھارتی خاتون کو زیر حراست رکھے جانے پر انڈیا کا چین سے شدید احتجاج

ویڈیو

جامعہ بلوچستان کے طلبہ کی آرٹ ایگزیبیشن، رنگوں، مجسموں اور خیالات سے سماجی و ماحولیاتی زخم بے نقاب

چولستان کے اونٹ کیوں مر رہے ہیں؟

وی ایکسکلوسیو: نظام کی بقا کے لیے خود کو مائنس کیا ورنہ اسمبلی توڑ دیتا تو آج بھی وزیراعظم ہوتا، چوہدری انوارالحق

کالم / تجزیہ

این اے 18 ہری پور سے ہار پی ٹی آئی کو لے کر بیٹھ سکتی ہے

دیوبند کا سب سے بڑا محسن : محمد علی جناح

پاکستان کا جی ایس پی پلس سفر جاری رہے گا