.
.
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ عالمی سیاحت کا شعبہ اس وقت 357 ملین سے زائد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے.
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ 2034 تک مزید 90 ملین نئی نوکریاں پیدا ہوں گی، تاہم 40 ملین کی کمی فوری حل کی متقاضی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں ‘پری ونٹر سیزن’ کا آغاز، زرعی اور سیاحتی سرگرمیوں کے لیے موزوں موسم
ریاض میں Tourise کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوے وزیر نے کہا کہ یہ مسئلہ حال ہی میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی زیرِ بحث آیا، اور اسے حل کرنے کے لیے سرکاری ونجی شعبوں کے اشتراک سے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں 50 سے زائد ممالک کے وزرائے سیاحت شریک ہیں، جو سیاحت میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مستقبل پر گفتگو کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کا دور ضرور آئے گا، مگر بعض خدمات میں انسانی رابطے کا متبادل ممکن نہیں۔
مزید پڑھیں: نومبر 2025: سعودی عرب میں ثقافت، سیاحت، معیشت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا غیر معمولی مہینہ
احمد الخطیب نے مزید کہا کہ سیاحت کا شعبہ خواتین کے لیے 40 فیصد اور نوجوانوں کے لیے 30 فیصد روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔
’اس لیے ضروری ہے کہ چھوٹے ممالک، جزائر اور ترقی پذیر خطے، خصوصاً افریقہ، لاطینی امریکا اور کیریبین کو بھی ترقی اور باعزت روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔‘













