سعودی وزارتِ ثقافت نے اعلان کیا ہے کہ دو ثقافتوں کے میلے کا تیسرا ایڈیشن 24 دسمبر 2025 سے 6 جنوری 2026 تک ریاض میں منعقد ہوگا، جس میں عوامی جمہوریہ چین کو مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
یہ تقریب سعودی چینی ثقافتی سال 2025 کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تہذیبی مکالمے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ عبدالعزیز اونٹ میلے کا نواں ایڈیشن: سعودی ثقافت کی شاندار جھلک، رنگا رنگ تقریبات
میلے میں سعودی اور چینی فنون، خطاطی، مجسمہ سازی، روایتی دستکاریاں اور فیشن کے مظاہر شامل ہوں گے جو دونوں تہذیبوں کے اشتراک اور ہم آہنگی کی عکاسی کریں گے، جب کہ کھانوں کے گوشے میں سعودی اور چینی ذائقوں کا امتزاج پیش کیا جائے گا۔
اس سے قبل میلے کے پہلے دو ایڈیشنز میں یمن اور عراق کو مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا، جنہیں عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں یورپی سینما کا میلہ، ثقافتی تبادلے کا نیا باب
وزارتِ ثقافت کا کہنا ہے کہ اس تقریب کا مقصد تخلیقی شراکتوں کو فروغ دینا، فنکاروں اور دستکاروں کو مواقع فراہم کرنا، اور ثقافت کو عالمی زبان کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اقوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے، جو وژن 2030 کے ثقافتی اہداف کا حصہ ہے۔














