جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔
اسپتال کے ترجمان جہانگیر درانی کے مطابق ڈاکٹر شاہد رسول کو جمعے کی صبح اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
انہیں فوری طور پر رُتھ فاؤ سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کی عمر 59 برس تھی۔
ڈاکٹر شاہد رسول کے انتقال پر سیاسی و طبی حلقوں میں دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی طبی شعبے کے لیے خدمات کو سراہا۔
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
صوبائی وزیرِ صحت و پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھی تعزیتی بیان میں ڈاکٹر شاہد رسول کی وفات کو عوامی صحت اور طبی تعلیم کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم نے جے پی ایم سی کو دیانت داری، ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا۔
’ان کی خدمات ایک ایسی میراث ہیں جو آنے والے برسوں تک رہنمائی کا ذریعہ رہیں گی۔‘
وزیرِ صحت نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور جے پی ایم سی کے عملے سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر شاہد رسول طویل عرصے سے جناح اسپتال اور جے پی ایم سی میں خدمات انجام دیتے رہے اور طبی برادری میں ایک باوقار مقام رکھتے تھے۔
ان کے انتقال کو سرکاری اسپتالوں پر انحصار کرنے والے ہزاروں مریضوں کا بھی نقصان قرار دیا جارہا ہے۔














