وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیرصدارت کابینہ کے پہلے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں سود سے پاک بینکنگ نظام لایا جائےگا۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت پہلا کابینہ اجلاس تھا، جس میں سہیل آفریدی نے سب سے پہلے امن جرگہ کے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ریڈیو پاکستان پر 9 مئی حملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا اعلان
انہوں نے کہاکہ یہ تاریخی امن جرگہ تھا جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ اور اسپیکر کو جاتا ہے، کابینہ میں سب سے اہم چیز ’ایکشن ان ایڈ آف سول پاور‘ کا خاتمہ ہے۔
شفیع جان نے کہاکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 9 مئی واقعات سے متعلق ریڈیو پاکستان کے حوالے سے کمیشن بنایا جائے گا اور حملے میں جو بھی ملوث ہوگا اسے سامنے لایا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کو سود سے پاک کیا جائے گا اور اس کے لیے سود سے پاک بینکنگ نظام لایا جارہا ہے۔
معاون خصوصی نے کہاکہ صوبے میں ایسے قوانین لائے جارہے ہیں جس سے صوبے کے عوام کو فائدہ ہو، اب حکومتی فنڈ پر کسی کی ذاتی تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی، یہ پیسہ عوام کا ہے اور صوبے میں کرپشن برداشت نہیں جائے گی۔
شفیع جان نے کہاکہ آپریشن سے بے گھر افراد کے لیے 4 ارب روپے کی گرانٹ صوبائی حکومت نے جاری کی ہے، جبکہ تعلیم کے لیے 6 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں 1.20 ارب روپے جاری کر دیے ہیں، اسکولز میں جتنے مسائل ہیں وہ اس سے پورے کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: امن جرگہ کے حوالے سے فائنل ڈرافٹ تیار، تمام فریقین کو اعتماد میں لے لیا گیا، شفیع جان
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ وفاق کی جانب سے جو کباڑی گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کو دی گئی تھیں وہ اسی روز واپس کردی گئی تھیں۔














