اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم ابن الحسین آج وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
دورے کے دوران اردن کے فرماں روا کی ملاقاتیں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ہوں گی جن میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شاہ اردن سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق اردن کے بادشاہ پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں بادشاہ کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز پیش کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق بادشاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار اور وسعت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔














