امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر چیکاشا میں شہریوں کے لیے ایک منفرد اقدام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ٹریفک خلاف ورزیوں، بعض میونسپل جرمانوں اور واجب الادا لائبریری کی کتابوں کے جرمانے کو کھانے کی خیرات کے بدلے معاف یا کم کیا جاسکتا ہے۔
شہر کی میونسپل کورٹ اور پبلک لائبریری نے نومبر کے آخر سے دسمبر تک شہریوں کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ صحت مند خوراک عطیہ کر کے اپنے ٹریفک یا میونسپل جرمانے کم کروا سکیں یا لائبریری کے واجب الادا جرمانے ختم کروا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’اشتہار دیکھو پھر ٹوائلٹ پیپر لو‘، چین کا نیا انوکھا قانون متعارف
میونسپل کورٹ کا فوڈ فار فائنز پروگرام 26 نومبر تک جاری رہے گا، جس کے تحت ہر کھانے کی اشیا کے بدلے 10 ڈالر تک جرمانے میں کمی کی جاسکتی ہے اور یہ رعایت زیادہ سے زیادہ $100 تک دی جائے گی۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ موجودہ وارنٹس رکھنے والے شہری بھی بغیر گرفتاری کے اس پروگرام میں حصہ لے سکتے ہیں، اور اگر جرمانہ 100 ڈالر سے زیادہ ہو تو اضافی رقم کی ادائیگی کے لیے قسط وار انتظام بھی کیا جاسکتا ہے۔
گزشتہ سال 30 افراد نے خوراک عطیہ کی، جس کے بدلے انہیں کل جرمانوں میں 2 ہزار 826 ڈالر ڈالر رعایت ملی۔ اس میں ایسے افراد بھی شامل تھے جنہوں نے زیادہ خوراک دی یا بغیر کسی ٹکٹ کے بھی عطیہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: طلاق کا منفرد معاہدہ، شوہر 10 برس تک سابقہ بیوی کی بلیوں کا خرچ اٹھائے گا
چیکاشا کی پبلک لائبریری دسمبر کے مہینے میں اپنا فوڈ فار فائنز پروگرام چلائے گی۔ اگرچہ کھوئی یا خراب شدہ کتابوں کے جرمانے کے لیے یہ پروگرام لاگو نہیں ہوگا، لیکن واپسی شدہ یا موجودہ کتابوں کے جرمانے خوراک عطیہ کر کے ختم کیے جا سکتے ہیں۔ کسی بھی رقم کی خوراک عطیہ کرنے سے 6 ڈالر سے زائد واجب الادا جرمانے والے اکاؤنٹس پر بلاک ختم ہو جائے گا اور شہری دوبارہ کتابیں اور دیگر مواد لے سکیں گے۔
تمام عطیات چیکاشا ایمرجنسی فوڈ پینٹری کو دیے جائیں گے تاکہ ضرورت مند خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔
یہ پروگرام منفرد نہیں ہے، فلوریڈا کے سینٹرل اٹلانٹک کوسٹ میں سینٹ جانز کاؤنٹی پبلک لائبریری سسٹم نے 2009 سے اس کا آغاز کیا ہوا ہے اور وہ اس سال 21 دسمبر تک عطیات قبول کرے گی۔ یہاں ہر کھانے کی اشیاء کے بدلے لائبریری جرمانے میں 2 ڈالر تک کی کمی کی جا سکتی ہے یا نقد رقم بھی دی جا سکتی ہے، جو بچوں اور خاندانوں کے لیے بائیسکل لائٹس فراہم کرنے میں استعمال ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر کی دوسری شادی کیخلاف خاتون نے مقدمہ کیسے جیتا؟
لائبریری کے ڈائریکٹر دیبرا روڈز گیبسن نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس شراکت داری کو بڑھا کر کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں، ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ بچوں کی حفاظت کے لیے نئے اقدامات بھی کر رہے ہیں۔














