پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و انچارج آزاد کشمیر امور فریال تالپور سے آزاد جموں و کشمیر کے نامزد وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور نے ملاقات کی۔
یہ ملاقات زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی، اور اس دوران فیصل ممتاز راٹھور نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی نامزدگی پر صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع، فیصل راٹھور نئے وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد
انہوں نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے کشمیر کاز کے ویژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
فریال تالپور نے ملاقات کے دوران فیصل ممتاز راٹھور کو آزاد کشمیر کے عوام، خاص طور پر نوجوانوں کی ترقی اور بہبود کے لیے جامع منصوبہ بندی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے نوجوان پارلیمنٹیرین راجا فیصل ممتاز راٹھور کو نیا قائد ایوان نامزد کیا ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے نئے نامزد وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور کون ہیں؟
فیصل ممتاز راٹھور کا تعلق آزاد کشمیر کے حلقہ حویلی کہوٹہ سے ہے، اور وہ اس وقت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل ہیں۔ فیصل راٹھور چوہدری انوارالحق کی کابینہ میں وزیر لوکل گورنمنٹ تھے۔













