فضائی کرایوں میں ہوشربا اضافہ، بلوچستان اسمبلی کا شدید احتجاج، متفقہ قرارداد منظور

منگل 18 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان اسمبلی نے کوئٹہ سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے فضائی کرایوں میں غیر معمولی اور امتیازی اضافے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرار داد منظور کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا

اراکینِ اسمبلی نے کہا کہ قومی اور نجی فضائی کمپنیاں بلوچستان کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی کر رہی ہیں جہاں کوئٹہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے کرایے ملک کے دیگر شہروں کی نسبت 3 سے 4 گنا زیادہ وصول کیے جا رہے ہیں جس نے نہ صرف مسافروں کو ناقابل برداشت مالی بوجھ تلے دبا دیا ہے بلکہ بلوچستان کے باقی ملک سے تجارتی و انتظامی روابط بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

جمعیت علماء اسلام کی رکن شاہدہ رؤف نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی کا یکطرفہ کرایہ عام ایام میں 43 سے 45 ہزار روپے جبکہ بعض اوقات 60 ہزار روپے تک وصول کیا جا رہا ہے۔

شاہدہ رؤف نے کہا کہ اسی طرح کوئٹہ سے اسلام آباد تک کا کرایہ 70 ہزار روپے سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں کراچی سے لاہور یا اسلام آباد تک کرائے صرف 15 سے 20 ہزار روپے کے درمیان ہیں جو واضح امتیازی سلوک کا ثبوت ہے۔

مزید پڑھیے: فلک بوس کرایے اور زمین بوس سیاحت

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آئے روز شاہراہیں بند رہتی ہیں، ریل سروس معطل ہوتی ہے، ایسے میں عوام کے لیے فضائی سفر ہی واحد قابل اعتماد آپشن ہے مگر یہی سب سے مہنگا کر دیا گیا ہے۔

شاہدہ رؤف نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر وفاقی حکومت، وزارت ہوا بازی، پی آئی اے اور نجی فضائی کمپنیوں سے رابطہ کرے اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر ہوائی اڈوں سے پروازوں کے کرایے ملک بھر کے برابر کرنے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اسپیکر سے درخواست کی کہ پی آئی اے اور نجی کمپنیوں کے ذمہ داران کو ایوان میں بلا کر وضاحت لی جائے اور اس مقصد کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے۔

پارلیمانی سیکریٹری مینا مجید نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فضائی کمپنیوں کا رویہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ امتیازی ہے اس لیے نہ صرف کرایوں میں کمی بلکہ کوئٹہ سے تربت اور گوادر کے لیے پروازوں کا اجرا بھی قرار داد میں شامل کیا جائے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں قومی شاہراہوں کی بندش کے باعث ایئر لائنز نے کرایے دگنے کر دیے

انہوں نے کہا کہ کرایوں میں ہر چند گھنٹوں بعد ہونے والا اضافہ بھی عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی رکن فرح عظیم شاہ نے قرار داد کو پورے ایوان کی مشترکہ آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے صبر کا امتحان لیا جا رہا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے انجینیئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ نجی ایئر لائنز کوئٹہ سے پروازیں نہیں چلا رہیں اور جو پروازیں ہیں وہ نہایت مہنگی اور اکثر اچانک منسوخ کر دی جاتی ہیں۔

زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ جہاں اسلام آباد، کراچی یا پشاور کے لیے باقی شہروں سے ٹکٹ کی قیمت 20 ہزار کے قریب ہے وہیں یہی کرایہ کوئٹہ سے 70 تا 80 ہزار روپے سے کم نہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ اگر کرایوں میں کمی نہ کی گئی تو عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔

پارلیمانی سیکریٹری برکت رند نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سے تربت کے لیے کم از کم ہفتہ وار پرواز شروع کی جائے۔

صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ صرف ایئر لائنز کے حکام نہیں بلکہ وزارت ہوا بازی کو بھی بلا کر جواب طلبی کی جائے اور اس سلسلے میں ایوان کی نمائندگی پر مشتمل کمیٹی اسلام آباد جا کر براہ راست بات کرے۔

یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ کے آسمان پر نایاب رنگین بادلوں کا نظارہ، قدرتی مظہریا کچھ اور؟

ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے بھی کرایوں کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے ایوان سے مشترکہ مؤقف اپنانے کی اپیل کی۔

بی این پی عوامی کے میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ صرف قرار دادیں منظور کرنے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ اصل ضرورت ان پر عملی اقدام کرنے کی ہے۔

ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس قرارداد کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ عام آدمی کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ وہ پہلے ہی وزیراعظم اور وزیر دفاع سے اس حوالے سے بات کر چکے ہیں تاہم آئندہ اقدام کے طور پر وہ تمام پارلیمانی قیادت کو ساتھ لے کر اسلام آباد جائیں گے تاکہ وزیرِ اعظم اور وزیر ہوا بازی سے براہ راست ملاقات کرکے اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ کوئٹہ سے دبئی کا کرایہ اندرونِ ملک سفر سے سستا پڑتا ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نجی کمپنیوں کی نگرانی میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی تجارتی تاریخ میں اہم سنگ میل: لاہور سے روس تک پہلی فریٹ ٹرین 22 جون کو روانہ ہوگی

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس قرارداد کو مثال بنا کر وفاق سے سخت مؤقف اپنائیں گے اور ایوان کی مکمل نمائندگی کے ساتھ اسلام آباد جا کر اس امتیازی طرزِ عمل کے خاتمے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پنجاب میں 13 ضمنی انتخابات، سیکیورٹی اہلکاروں اور افواج کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

اسلامی یکجہتی گیمز، پاکستانی پہلوان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی کی بات کو غلط سمجھا، علی محمد خان

بیجنگ میں کاکروچ کافی کی دھوم، ’اتنی بھی گھِناؤنی نہیں جتنی سمجھی تھی‘

پنجاب: اسکولوں میں تدریسی اوقات صرف 2 گھنٹے کردی گئی، چھٹیوں کا بھی اعلان

ویڈیو

سابق ڈی جی آئی ایس آئی نے حساس ڈیٹا کیوں چوری کیا؟ 28ویں آئینی ترمیم، کتنے نئے صوبے بننے جارہے ہیں؟

عدلیہ کرپٹ ترین ادارہ، آئی ایم ایف کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ، رپورٹ 3 ماہ تک کیوں چھپائی گئی؟

دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

کالم / تجزیہ

آزادی رائے کو بھونکنے دو

فتنہ الخوارج، تاریخی پس منظر اور آج کی مماثلت

افغان، بھارت تجارت: طالبان ماضی سے کیوں نہیں سیکھ پا رہے؟