شہباز شریف کا سراج الحق کو ٹیلی فون، خیریت دریافت کی

اتوار 21 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق کو ٹیلی فون کیا ہے اوران کی خیریت معلوم کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے وزیر اعظم سے بلوچستان پر خصوصی توجہ کی درخواست کر دی۔

جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان قیصر شریف نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سراج الحق کے قافلے پر بلوچستان کے علاقے ژوب میں ہونے والے خود کش بم حملے کے بعد فون کیا اور ان کی خیریت معلوم کی۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں امیر جماعت کے محفوظ رہنے پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت کو یقین دہانی کرائی کہ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اس یقین کا اظہار بھی کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی ذمہ داروں کا تعین اور ملوث عناصر سے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اپنی گفتگو میں وزیر اعظم سے کہا کہ زندگی اورموت دونوں اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہیں۔ میری زندگی اقامت دین کی جدوجہد کے لیے وقف ہے۔

امن و امان کے لیے بلوچستان پر خصوصی توجہ دینا ہو گی: سراج الحق

سراج الحق نے وزیراعظم کو بتایا کہ خودکش دھماکے کے زخمیوں سے ملاقات کی ہے سب حوصلے میں ہیں۔ سراج الحق نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ انہیں امن قائم کرنے کے لیے بلوچستان پر خصوصی توجہ دینی ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp