بالی ووڈ اداکار وِویک اوبرائے نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ عاطف اسلم کے مقبول گانے ’تیرے لیے‘ پر جھومتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
ویڈیو کے منظرِعام پر آتے ہی اداکار کو اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے شریا گھوشال سمیت گانے کی تیاری سے وابستہ دیگر تمام فنکاروں کا ذکر کیا، مگر اصل گلوکار عاطف اسلم کا نام لینا بھول گئے۔ یہ بات سوشل میڈیا صارفین کے لیے حیرت اور ناگواری کا باعث بنی۔
View this post on Instagram
صارفین نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اوبرائے نے سب کو کریڈٹ دیا، سوائے اُس لیجنڈ کے جس نے گانا اپنی آواز سے مقبول بنایا۔ کئی لوگوں کا کہنا تھا کہ اداکار کو چاہیے تھا کہ وہ عاطف اسلم کو بھی کریڈٹ دیتے۔
یہ بھی پڑھیں: والد کے انتقال کے اگلے ہی دن پرفارمنس، تنقید کرنے والوں کو عاطف اسلم نے کیا جواب دیا؟
پاکستانی صارفین کی بڑی تعداد نے یہ مؤقف اپنایا کہ گانے کی کامیابی کا سب سے بڑا سبب عاطف اسلم کی آواز تھی، اس لیے اُن کا نام نظرانداز کرنا مناسب نہیں۔ بعض صارفین نے اس صورتحال پر طنزیہ تبصرے کیے، جبکہ کچھ نے اسے دانستہ طور پر نظرانداز کرنے کے مترادف قرار دیا۔
واضح رہے کہ یہ گانا ریلیز کے فوراً بعد بہت مقبول ہوا تھا، اگرچہ جس فلم کا حصہ تھا وہ باکس آفس پر بہتر کارکردگی نہ دکھا سکی۔














