وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے نائیجیریا کے ریونیو موبلائزیشن الاؤنس اینڈ فِسکل کمیشن (RMAFC) کے 13 رکنی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت فیڈرل کمشنر بیرسٹر ایمو ایفئنگ اکپان نے کی۔ ملاقات میں وزارت خزانہ اور ریونیو کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیر خزانہ نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے پاکستان کی اصلاحاتی پیشرفت، خاص طور پر مالیاتی حکمرانی اور ریونیو اصلاحات میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات، سیاحت و ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال
انہوں نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران اہم معاشی اشاریوں میں بہتری، بیرونی مالیاتی استحکام، افراط زر میں اعتدال، مالیاتی نظم و ضبط اور مارکیٹ اعتماد میں اضافہ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
وفد کو پاکستان میں ٹیکس بیس کی توسیع، ڈیجیٹلائزیشن، ریئل ٹائم رسک پر مبنی کمپلائنس اور بہتر دستاویزات سمیت ٹیکس اصلاحات کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرکاری اداروں کی ریفارمز، ہولڈنگ کمپنی ماڈل اور 24 اداروں کی نجکاری کی تفصیلات بھی بیان کیں۔
انہوں نے وفاقی بورڈ آف ریونیو میں جاری مکمل تبدیلی کے اقدامات اور پاکستان کے نجی شعبے کی قیادت میں نمو کے اقدامات کے بارے میں بھی وضاحت دی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
ملاقات میں وفاقی ریونیو کی تقسیم کے آئینی اور قانونی فریم ورک اور عوامی عہدے داروں کی تنخواہوں کے تعین کے شفاف طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے نائیجیریا کے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان دوستانہ ممالک کے ساتھ علمی اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
ملاقات کے اختتام پر بیرسٹر اکپان نے پاکستان کی مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کیا اور نائیجیریا کے قومی پالیسی جائزہ میں پاکستان کے تجربات کو شامل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔














