وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا ہے کہ احتجاج کے حوالے سے پارٹی عمران خان کے پیغام کی منتظر ہے، عمران خان کا پیغام موصول ہوتے ہی خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد احتجاج میں شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امن جرگہ کے حوالے سے فائنل ڈرافٹ تیار، تمام فریقین کو اعتماد میں لے لیا گیا، شفیع جان
شفیع جان نے اڈیالہ جیل روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جیل میں ملاقات اُن کا آئینی و قانونی حق ہے، جسے روکا نہیں جانا چاہیے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عوام کے منتخب وزیراعلیٰ ہیں اور عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی صورت عمران خان کو ائسولیشن میں رکھنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اپنی گفتگو میں معاون خصوصی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے دورِ اقتدار میں ’پوری کابینہ لندن جایا کرتی تھی‘، لیکن آج ایک منتخب وزیراعلیٰ کو اپنے قائد سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
یہ بھی پڑھیں: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو کل طلب کرلیا
انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے حوالے سے پارٹی عمران خان کے پیغام کی منتظر ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ روز بھی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ شفیع جان کے مطابق جیسے ہی اڈیالہ جیل سے عمران خان کا پیغام موصول ہوگا، خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد احتجاج میں شریک ہوں گے۔
شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں پوری پارٹی متحد ہے اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔













