اسلام آباد پولیس کے اینٹی کار لفٹنگ یونٹ نے رواں سال کی سب سے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کار اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث متعدد گروہوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی کارروائی، دہرے قتل کا مجرم گرفتار
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ نے پولیس لائنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انسدادِ کار و موٹر سائیکل چوری یونٹ نے مجموعی طور پر 18 گروہوں کے 40 اراکین سمیت 64 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ایس ایس پی محمد عثمان طارق بٹ کے مطابق ملزمان سے 25 کروڑ روپے مالیت کی 112 گاڑیاں اور 32 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، جن کی چابیاں اصل مالکان کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نامعلوم کار چوروں کا سراغ لگایا گیا، جبکہ انسانی ذرائع اور ٹیکنیکل وسائل کے ذریعے متعدد گروہوں کو بے نقاب کیا گیا۔
جرائم میں کمی اور کریک ڈاؤن کا دائرہ
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ سال 2025 میں کار چوری کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ گاڑی چھیننے اور چوری میں ملوث منظم گروہوں کی گرفتاری کے نتیجے میں سنیچنگ کے واقعات میں بھی واضح کمی آئی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی کامیاب کریک ڈاؤن کیا۔ مختلف اضلاع سے چوری ہونے والی نئی اور پرانی ماڈل گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مزید مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔














