اسلام آباد پولیس نے متعدد وارداتوں میں ملوث 20 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 کروڑ روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات برآمد کرلیے ہیں۔
ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس محمد جواد طارق نے بتایا کہ رابر ی ڈکیتی یونٹ نے شہر میں قتل، ڈکیتی، راہزنی اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث 9 گینگز کے 20 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کیخلاف 36 مقدمات یکجا کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائی، دہرے قتل کا مجرم گرفتار
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتیں انجام دی تھیں۔
https://Twitter.com/ICT_Police/status/1991772069537997190
بہارہ کہو میں پنجاب کیش اینڈ کیری کے اکاؤنٹنٹ سے 45 لاکھ روپے چھینے گئے، جبکہ سیکٹر آئی 8 میں شیل پیٹرول پمپ کے منیجر سے تقریباً 56 لاکھ روپے چھینے گئے، جو بعد میں ملزمان کے قبضے سے برآمد کر لیے گئے۔
اسی طرح، بلیو ایریا میں فرینڈز میگا مارٹ کے اکاؤنٹ افسر سے 37 لاکھ 50 ہزار روپے چھین کر فرار ہونے والے ملزمان سے رقم برآمد کی گئی۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسر نے گولی مار کر اپنی جان لے لی
بے نظیر چوک، ترنول میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے والے دوکاندار کو قتل کر دیا گیا، جس میں ملوث گینگ اسلام آباد میں متعدد دیگر وارداتوں میں بھی شامل رہا۔
ڈی آئی جی جواد طارق نے مزید بتایا کہ ملزمان نے بینکوں کے باہر شہریوں سے رقم چھیننے کی وارداتیں بھی کیں، جس سے چھینی گئی رقم 34 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لی گئی۔

تھانہ شہزاد ٹاؤن اور آئی 9 کی حدود میں موبائل فون اور نقدی چھیننے کے مختلف واقعات میں ملزمان سے 1 لاکھ 65 ہزار روپے برآمد کیے گئے۔
علاوہ ازیں، گھریلو چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگ سے 25 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر اشیا بھی برآمد کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:شاہین چوک انڈر پاس کی تعمیر، اسلام آباد پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا
ڈی آئی جی نے بتایا کہ دھوکہ دہی کے ذریعے بینک سے رقم ہتھیانے والے 3 رکنی گینگ کو بھی گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 25 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے گئے ہیں۔
تھانہ سمبل کے حدود سے ٹیکسی ڈرائیور محمد رشید کو اغوا کر کے قتل کرنے والے ملزمان کو بھی گرفتار کر کے مقتول کی گاڑی برآمد کر لی گئی۔
ڈی آئی جی محمد جواد طارق کے مطابق تمام برآمد شدہ سامان مالکان کے حوالے کردیا اور گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔














