وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فارغ التحصیل طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے باصلاحیت نوجوان پاکستان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج گلوبلائزیشن کے دور میں جامعات کے تعلیمی پروگراموں کو صرف مقامی مسائل تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ عالمی تقاضوں کے مطابق وسعت دینا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: 40 ہزار پاکستانی زائرین لاپتا: عراق، ایران اور شام میں کہاں گئے؟ وزیر مذہبی امور کا انکشاف
سردار محمد یوسف نے ایکسچینج پروگرامز کے تحت 100 سے زائد فلسطینی طلبا کو پاکستانی یونیورسٹی سے ڈگریاں مکمل کرنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تعلیم اور تحقیق ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے پاکستان ترقی کر سکتا ہے اور دنیا پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت پیدا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کا بنیادی کردار نوجوان نسل کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور بہتر مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ جامعات کو نوجوانوں کی کردار سازی، اخلاقی اقدار کے فروغ اور مضبوط ہیومن کیپٹل کی تیاری پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور یہی نوجوان قوم کی ترقی کی بنیاد ہیں، اس لیے انہیں درست سمت، اعتماد اور مناسب مواقع فراہم کرنا لازمی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جدید تعلیم کا حصول اور تعلیمی نظام میں بہتری ہماری ترجیح ہے، انوار الحق کاکڑ
اپنی تقریر میں سردار محمد یوسف نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈگری کسی منزل کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن والدین اور اساتذہ کے لیے بھی فخر کا دن ہے جنہوں نے محنت اور محبت کے ساتھ طلبہ کو اس مقام تک پہنچایا۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ یہ وقت آرام کا نہیں بلکہ ملک کی خدمت اور ترقی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو عملی شکل دینے کا ہے۔














