جماعت اسلامی کا 3 روزہ ‘بدل دو نظام’ کل پاکستان اجتماع عام مینارِ پاکستان، لاہور میں جاری ہے، جو 21 سے 23 نومبر تک منعقد ہو رہا ہے۔
یہ جماعت اسلامی کا 11 سال بعد کا سب سے بڑا اجتماع ہے، جس میں ملک بھر سے لاکھوں شرکا شریک ہیں جن میں خواتین، جوان، بچے، مزدور، کسان اور مختلف شعبوں کی شخصیات شامل ہیں۔ دوسرے دن (ہفتہ) بھی جوش و جذبہ عروج پر رہا، اور مینارِ پاکستان کا میدان شرکا سے بھر گیا۔
یہ بھی پڑھیے: جماعت اسلامی کا 3 روزہ ’بدل دو نظام‘ اجتماع کیا ہے؟
اس موقع پر انتظامیہ نے شرکا کے لیے بھرپور تیاریاں کر رکھی تھیں اور اضافی اسکرینز، قیام گاہیں اور سیکیورٹی فعال تھی۔
اہم سیشنز اور سرگرمیاں
– پہلا سیشن بلدیاتی نظام، محنت کشوں کے مسائل اور زراعت پر ہوا جس میں معاشی استحصال اور کسانوں کی مشکلات پر تفصیلی بات ہوئی اور قراردادِ معیشت پیش کرکے منظور کر لی گئی۔
– دوسرا سیشن ‘اٹھو جہاں بدل دو’ کے عنوان سے ہوا۔ اس میں قومی ہیروز، پوزیشن ہولڈرز طلبا اور نیشنل ایوارڈ یافتگان کو اعزازات دیے گئے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے صدارتی خطاب بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیے: ای چالان کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد، کراچی کے شہریوں پر ظلم بند کیا جائے، جماعت اسلامی
– تیسرا سیشن خواتین کانفرنس ‘جہاں تم سے آباد’ کے عنوان سے منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور مختلف شعبہ جاتِ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے پینل ڈسکشن میں حصہ لیا۔
– چوتھا سیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پاکستان پر تھا، جس میں نوجوانوں نے ڈیجیٹل انقلاب اور آئی ٹی کی ترقی پر تجاویز پیش کیں۔
– پانچواں عالمی سیشن ‘نظام نئی دنیا میں’ کے عنوان سے ہوا۔ سابق امیر سراج الحق اور موجودہ امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کیا اور فلسطین، کشمیر اور امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیے: ’احترام کا رشتہ برقرار رہے گا‘ مشتاق احمد خان کا جماعت اسلامی سے علیحدگی کا اعلان
– آخری سیشن نشید نائٹ ہوگا جس میں نعت، نظم، منقبت اور اسلامی ترانوں کا خوبصورت پروگرام پیش کیے جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے دن بھر کئی سیشنز میں خطاب کیا اور نظام، موروثی سیاست، اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت اور سود پر مبنی معیشت کے خاتمے کا واضح مطالبہ کیا۔
کل 23 نومبر کو اختتامی روز اجتماع کا متفقہ لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔














