وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ ناقص کارکردگی یا کسی قسم کی کوتاہی برتنے والوں کو کسی بھی رعایت کے بغیر کارروائی کا سخت حکم جاری کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کے لیے مقرر کردہ ’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘ کی کڑی جانچ پڑتال کی گئی اور ہر ضلع میں گورننس کے معیار کی مکمل نگرانی کے لیے خفیہ ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کی ملاقات
صوبائی حکومت نے ناقص کارکردگی دکھانے والے نجی ٹھیکیداروں، ستھرا پنجاب کنٹریکٹرز، اور سرکاری اداروں میں صفائی کے ناقص معیار پر فوری کارروائی کی وارننگ جاری کی ہے۔ غیر معیاری کام پر کنٹریکٹر کی ادائیگی معطل کرنے اور دوبارہ معاہدہ کرنے پر غور کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے آوارہ کتوں کے کاٹنے، مین ہول میں گر کر ہلاکتیں، اور کچھ سرکاری اسپتالوں میں فری میڈیسن نہ ملنے کے معاملات پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی۔ ہر شہر میں کوڑے دان کی صفائی، ویسٹ انکلوژر کی حفاظت، پارکنگ ایریاز، بس اسٹینڈز اور تمام پبلک مقامات کی مثالیت صفائی کو یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
مزید براں، غیر قانونی قبضے اور تعمیرات پر 24 گھنٹے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے ذریعے فوری کارروائی کی جائے گی اور آمد و رفت میں رکاوٹ ڈالنے والی ریڑھیاں ہٹائی جائیں گی۔ مارکیٹ انتظامیہ سے تحریری یقین دہانی حاصل کرنے اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ پنجاب کے نام خط، مندرجات کیا ہیں؟
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پنجاب میں نیکسٹ لیول گورننس کی ضرورت ہے اور عوام کی خدمت کے امور میں کسی بھی غلطی یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہوگی۔ ناقص کارکردگی کے مظاہرہ کرنے والے ضلعی سربراہان کو وارننگ کے بعد تبدیل کیا جائے گا۔
صوبے میں شہری ماحول کو صاف، محفوظ اور خوشگوار بنانے کے لیے ہر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی صفائی، گرین بیلٹس کی شجرکاری، پبلک ٹوائلٹس اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔














