پاکستان کے ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف ٹی 20 ٹرائی سیریز میں پاکستان کی 69 رنز کی فتح کے دوران ایک عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان ٹی20 ٹیم کی کپتانی سے فارغ، نئے کپتان سلمان علی آغا ہوں گے، عاقب جاوید
انہوں نے ایک ہی کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیل کر راہول ڈریوڈ، محمد یوسف اور ایم ایس دھونی جیسے عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سال 2025 میں اب تک پاکستان 54 بین الاقوامی میچ کھیل چکا ہے جو اس سال کسی بھی ٹیم کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ویسٹ انڈیز 45 میچوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ حیران کن طور پر سلمان علی آغا واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان کے ان تمام 54 میچوں میں شرکت کی۔
یہ تعداد پاکستان کے اس ریکارڈ کے برابر بھی ہے جو پہلی بار سنہ 2013 میں قائم ہوا تھا۔
مزید پڑھیے: شاہین، بابر اور رضوان کے نہ ہونے کا کوئی دباؤ نہیں، ٹی20 کپتان سلمان علی آغا
سلمان علی آغا نے 54 میچ کھیل کر وہ ریکارڈ توڑ دیا جو 53 میچوں کے ساتھ ڈریوڈ (1999)، یوسف (2000) اور دھونی (2007) کے پاس مشترکہ طور پر موجود تھا۔
ایک سال میں 50 سے زائد میچ کھیلنا انتہائی نایاب کارنامہ ہے۔ سب سے پہلے یہ سنگ میل سچن ٹنڈولکر نے سنہ 1997 میں عبور کیا تھا جبکہ حالیہ برسوں میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے سنہ 2023 میں 51 میچ کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کھلاڑی
سلمان علی آغا (پاکستان) 54 میچ، 2025
راہول ڈریوڈ (بھارت) 53 میچ، 1999
محمد یوسف (پاکستان) 53 میچ، 2000
ایم ایس دھونی (بھارت/ایشیا الیون) 53 میچ، 2007
لانس کلوزنر (جنوبی افریقہ) 52 میچ، 2000
پال کولنگ ووڈ (انگلینڈ) 52 میچ، 2007
اینجلو میتھیوز (سری لنکا) 52 میچ، 2014
سچن ٹنڈولکر (بھارت) 51 میچ، 1997
ڈیرل مچل (نیوزی لینڈ) 51 میچ، 2023














