سندھ کے تاریخی کوٹ ڈیجی قلعے سے اہم نوادرات کی چوری کا واقعہ سامنے آ گیا ہے۔ قلعے میں موجود توپوں کے 2 چھوٹے کڑے نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں کاٹ کر لے گئے۔
چوری کیسے ہوئی؟
انچارج کوٹ ڈیجی قلعہ تنویر علی کے مطابق واردات رات کے وقت ہوئی، اور صبح ملازمین نے معمول کے معائنے کے دوران کڑے غائب پائے، جس کے بعد فوری طور پر مقدمہ درج کرایا گیا۔
قلعے کے چوکیدار نے بتایا کہ واقعے کو 2 ماہ گزرنے کے باوجود نوادرات برآمد نہیں ہوئے اور ابھی تک ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
پولیس کا موقف
پولیس کے مطابق چوری ہونے والا سامان توپوں کے پرزے ہیں۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور چوروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں ہو رہی ہیں۔
ماہرین آثار قدیمہ کی تشویش
ماہرین کا کہنا ہے کہ تالپور حکمرانوں نے تاریخی اہمیت کی حامل یہ توپیں کوٹ ڈیجی قلعہ میں محفوظ کی تھیں، اس لیے ان کے پرزوں کی چوری نہ صرف ورثے کا نقصان ہے بلکہ سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوال ہے۔
پولیس اور قلعہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں اور قلعے کی سیکیورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے۔













