جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (NI، NI (M)) کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ان کی 40 سالہ شاندار عسکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سینیئر افسران نے شرکت کی۔ آمد پر ایک چاق و چوبند تینوں سروسز کے دستے نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:الوداعی ملاقات: جنرل ساحر شمشاد نے تینوں افواج میں ہم آہنگی بڑھائی، فیلڈ مارشل عاصم منیر
اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اپنے فرائض دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور خلوصِ نیت سے انجام دینے کی توفیق پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہدا و ان کے اہلِ خانہ کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ موجودہ جیو اسٹریٹیجک ماحول میں مضبوط قومی دفاع قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ہمارے بہادر افسر اور جوان اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔













