نواز شریف اچانک منظر عام پر، کس کو کیا جواب دینے آئے؟

جمعرات 27 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کافی عرصے کی خاموشی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف اچانک سیاسی منظرِ عام پر سرگرم دکھائی دیے ہیں۔ انہوں نے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نئے منتخب ایم این ایز اور ایم پی ایز سے ملاقات کی، انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی کامیابی وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان صرف اکیلا مجرم نہیں، اس کو لانے والے اس سے بھی بڑے مجرم ہیں، نواز شریف

نواز شریف نے خطاب میں کہا کہ عوام نے ضمنی انتخابات میں کارکردگی کو ووٹ دیا، جبکہ ’نفرت، فساد اور فتنہ‘ کو شکست ہوئی۔ ان کے بقول مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت کے اختتام کے بعد ملک میں بڑی تباہی ہوئی۔

انہوں نے ایک بار پھر تحریک انصاف کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اکیلے مجرم نہیں تھے بلکہ انہیں لانے والے ان سے بھی بڑے مجرم تھے۔ ان سب سے پورا حساب لیا جانا چاہیے۔ وہ دوسروں کو چور ڈاکو کہتے رہے جبکہ خود سب سے آگے تھے۔

نواز شریف کے منظرِ عام پر آنے کی اصل وجہ کیا ہے؟

ذرائع کے مطابق نواز شریف کا اچانک سیاسی طور پر متحرک ہونا تحریک انصاف کے اس بیانیے کا جواب ہے جس میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا اس لیے ن لیگ کامیاب ہوئی۔

مزید پڑھیے: عوام نے انتشار، بدتمیزی اور الزام تراشی کی سیاست مسترد کردی، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پہلے ہی ضمنی انتخابات کو عوامی ریفرنڈم قرار دے چکی تھیں جس پر مختلف حلقوں میں تنقید بھی کی جارہی تھی۔ اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے نواز شریف نے نو منتخب اراکین سے خود ملاقات کی، انہیں مبارکباد دی اور بتایا کہ بیانیے کیسے تشکیل دیئے جاتے ہیں۔

نواز شریف کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی

ذرائع کے مطابق نواز شریف اب دوبارہ پارٹی اراکین سے باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرنے جا رہے ہیں تاکہ مختلف حلقوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز کی تقریر پر پاکستان تحریک انصاف کا نکتہ بہ نکتہ جواب

اس سے قبل بھی وہ پنجاب کی تمام ڈویژنوں سے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp