وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی کا واقعہ انتہائی دلخراش تھا، لاہور میں قائداعظم کے گھر پر حملہ کر کے تباہ کیا گیا۔ پشاورمیں ریڈیو پاکستان کو جلایاگیا اور دہشت گردوں نے جی ایچ کیو پر بھی دھاوا بولا۔ یہ سوچ کسی پاکستانی کی نہیں ہو سکتی۔
کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں 34ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دشمن 75سال میں وہ کام نہ کرسکا جو9مئی کےواقعات سےہوا، ایسے اقدامات کرنے ہوں گے کہ سانحات دوبارہ نہ ہوں۔
آج وہ شہید جنہوں نے کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کو محفوظ کرنے کیلیے دہشتگردی کا مقابلہ کیا آج پوری قوم پنے ان شہیدوں کو کو سلام کرتی ہے.وزیراعظم شہبازشریف
#PMinQuetta pic.twitter.com/lcbFhZiXrO— PMLN (@pmln_org) May 22, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ جنہوں نےشہدا اورغازیوں کی بےحرمتی کی یہ کسی طورقابل قبول نہیں۔9 مئی پاکستانی تاریخ میں سیاہ دن کےطورپریادرکھاجائےگا، قانون حرکت میں آئےگا اورملوث لوگ اس کی گرفت میں آئیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان کو قربانیوں کے نتیجے میں امن کا گہوارہ بنایا گیا، پاکستان میں کچھ سال قبل دہشت گردی سےکوئی علاقہ محفوظ نہیں تھا، جب پاکستان بناتو لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بیٹوں اوربیٹیوں نے ملک اور بیرون ممالک میں وطن عزیز کا نام روشن کیا، بیرون ممالک میں سبز ہلالی جھںڈے کو اور اونچا کیا، آپ سب کو مبارکبادپیش کرتاہوں، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھی کامیاب پروگرام پر مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 19سال بعد نیشنل گیمز کوئٹہ میں ہو رہی ہیں، تاریخی شہرمیں کھیلوں کا انعقاد قومی یکجہتی اور ملک سے محبت کا عظیم شاہکارہے، قوم کےنوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں ان کو بروئے کار لا کر ہر میدان میں کامیابی سمیٹ سکتےہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کھیلوں کےمیدان میں حکومت جتنے وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کرے کم ہیں، وہی قوم ترقی کرتی ہے جس کے نوجوان صحت مند اور توانا ہوں۔