گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے گورنر کے لیے چھ نام زیر غور ہیں، جن میں 3 سیاسی شخصیات اور 3 سابق فوجی افسران شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی نے اچھے کام کیے تو ہم حمایت کریں گے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
سیاسی ناموں میں امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیرپاؤ اور پرویز خٹک شامل ہیں، جبکہ سابق فوجی افسران میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے نام زیر غور ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان سابق آئی جی ایف سی رہ چکے ہیں، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی سابق کور کمانڈر پشاور رہے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی لاعلمی
دوسری طرف گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنی تبدیلی کے حوالے سے خبریں بے بنیاد قرار دی ہیں اور کہا ہے کہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور سے جاری بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں گورنر کی تبدیلی کا معاملہ پارٹی کے فیصلے پر منحصر ہے اور جو فیصلہ ہوگا، وہ قبول کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میڈیا ہی فیصلہ کرے گا تو پھر اللّٰہ ہی حافظ ہے، اور پارٹی کے فیصلے کو ہی تسلیم کریں گے۔














