تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں معمول کی چیکنگ کے دوران 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس کی جانب سے بروقت حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت اہلکار محفوظ رہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک، 2 زخمی
ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم سے شہید اے ایس آئی علی اکبر کا سرکاری پسٹل برآمد ہوا، یہ ملزم شہید اے ایس آئی علی اکبر پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں مرکزی کردار تھا۔
واقعے میں پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ برآمد شدہ موٹر سائیکلوں میں سے ایک موٹر سائیکل تھانہ شمس کالونی کی حدود سے چھینی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی قتل کیس کے 2 ملزمان ہلاک
پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ بقیہ فرار ملزمان کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔














