خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں میرانشاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمنشر شاہ ولی سمیت 3 پولیس اہلکار شہید، جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں میں ڈی پی او شمالی وزیرستان کی گاڑی پر فائرنگ، 6 پولیس اہلکار زخمی
ذرائع کے مطابق پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر فوری طور پر روانہ کر دی گئی ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ اُس وقت ہوا جب اسسٹنٹ کمشنر سرکاری دورے پر جارہے تھے۔ حملے کے بعد دہشتگردوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کی مذمت
صوبائی حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے شمالی وزیرستان کے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے قافلے پر حملہ افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ حملے میں دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری شہید ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی شہادت صوبے اور ان کے خاندان کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان: خود کش حملے کے لیے تیار کی جانے والی گاڑی تباہ، 3 خوارج ہلاک
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ایسی کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم شہید اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ شفیع جان نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔












