اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس طارق جہانگیری کے مبینہ ڈگری تنازع سے متعلق کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کے دوران احکامات جاری کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ذریعے کراچی یونیورسٹی سے متعلقہ تعلیمی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جسٹس جہانگیری ڈگری کیس میں بڑی پیش رفت، مقدمے کی سماعت کے لیے مقرر بینچ ٹوٹ گیا
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بغیر کیس کے میرٹس پر گئے ہم ایچ ای سی سے ریکارڈ طلب کر رہے ہیں۔
سماعت کے دوران اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایسوسی ایشن کی کیس میں فریق بننے کی درخواست بھی موجود ہے، جس پر عدالت نے ریکارڈ طلب کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی آئندہ سماعت تک مؤخر کر دی۔
اس سے قبل 28 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس جہانگیری ڈگری کیس کی سماعت کرنے والا 2 رکنی بینچ ٹوٹ گیا تھا۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے بینچ میں بیٹھنے سے معذرت کر لی۔
یہ بھی پڑھیے: جعلی ڈگری کیس: جسٹس جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل بینچ کر رہا تھا۔ سماعت کے دوران اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی کیس میں فریق بننے کی متفرق درخواست مقرر تھی۔
دورانِ سماعت جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے خود کو بنچ سے الگ کر لیا۔














