سینیئر سیاستدان سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اگر بدمعاشی اور دھونس کی سیاست کی تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج سامنے ہے۔
مزید پڑھیں: فیملی اور وکلا سے ملاقات عمران خان کا حق، سیاست کی اجازت نہیں دے سکتے، رانا ثنااللہ
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست نے ایک بار خیبرپختونخوا کا معاملہ حل کردیا تو پی ٹی آئی کے پاس رہ کیا جائےگا؟
فیصل واوڈا نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی نے کچھ ٹھان لیا ہے تو دوسری طرف بھی گورنر راج کی ٹھان لی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنا کام کریں اور سیاسی راستہ بنائیں۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فوجی آفیسر کی شہادت پر جانے کے بجائے امریکی قونصلیٹ گئے، یہ رویے درست نہیں۔
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اب کوئی سیاسی ملاقاتیں نہیں ہوں گی، بہنیں بھی اگر سیاسی پیغامات لاتی رہیں تو ملنے پر پابندی لگ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ 26 نومبر کو اسلام آباد پر کوئی چڑھائی نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان نے جیل میں ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کو تنہائی میں رکھنا 70 فیصد عوام کو آئیسولیٹ کرنے کے مترادف ہے، بیرسٹر گوہر
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کو سیل میں مکمل بند رکھا جاتا ہے، صرف کچھ دیر کے لیے باہر نکلنے کی اجازت ملتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ یہ جان بوجھ کر ہمیں ذہنی اذیت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔














