بنگلادیش نے سری لنکا میں طوفان ڈٹوا کے باعث آنے والے اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ہنگامی انسانی امداد روانہ کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کا سری لنکا میں سیلاب ریسکیو آپریشن جاری، متاثرہ خاندان کی محفوظ منتقلی
سری لنکا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق اب تک کم از کم 334 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 200 سے زائد لاپتا ہیں۔ طوفان اور سیلاب سے 20 ہزار سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور تقریباً 1 لاکھ 23 ہزار افراد کو سرکاری شیلٹرز میں منتقل کیا گیا ہے۔

بنگلادیش نے ہمسایہ اور دوست ملک میں انسانی بحران پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکا کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے، سری لنکن حکومت ملک میں ایمرجنسی نافذ کرچکی ہے اور عالمی برادری سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔

سری لنکن وزارت خارجہ نے بنگلادیش ہائی کمیشن سے فوری خوراک، ادویات اور دیگر ریلیف سامان کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔
بنگلادیش کی وزارت خارجہ نے چیف ایڈوائزر کی ہدایت پر آرمڈ فورسز ڈویژن کے ساتھ مل کر امدادی کارروائی کو منظم کیا، و بنگلادیش ایئر فورس کا C-130J طیارہ تقریباً 10 ٹن امدادی سامان لے کر کولمبو روانہ ہوا۔

مشن میں ایئر فورس کے 15 اہلکاروں کے ساتھ آرمڈ فورسز ڈویژن اور وزارت خارجہ کے نمائندے بھی شامل ہیں، مشن کمانڈر کی ذمہ داری ایئر کمانڈر محمد شاہدالسلام انجام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ، مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم
امدادی پیکج میں ٹینٹس، خشک راشن، مچھر دانیاں، ٹارچ لائٹس، گم بوٹس، واسٹس، دستانے، ریسکیو ہیلمٹس اور ادویات کی بڑی کھیپ شامل ہے۔

بنگلادیش کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ یہ امداد سری لنکا میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی مشکلات کم کرنے میں مدد دے گی، انہوں نے عالمی سطح پر انسانی خدمات کے لیے بنگلادیش کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔













