وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تاریخی تعیناتی پر گرمجوشی سے مبارک باد دیتے ہوئے ان کی عسکری خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کی سلامتی کے محافظ کی حیثیت سے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور سچ کی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔
I warmly congratulate Field Marshal Syed Asim Munir on his historic appointment as Pakistan’s first Chief of Defence Forces. As the sentinel of our nation’s security, his leadership has been pivotal in guiding our brave Armed Forces to a decisive victory in the Battle for Truth.… https://t.co/915uoEczRH
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 5, 2025
وزیرِاعظم کے مطابق قوم ہمیشہ ان کی اس جرات مندانہ اور دلیرانہ قیادت کو یاد رکھے گی جس نے نہ صرف افواجِ پاکستان کو یکجا رکھا بلکہ پوری قوم کو بھی ایک مقصد کے تحت متحد کیا اور وطن کے دفاع میں ایک سنگِ میل جیت کو یقینی بنایا۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں توسیع پر مبارک باد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صلاحیتوں کے ہم ہی نہیں امریکا بھی معترف ہے، وزیراعظم شہبازشریف
انہوں نے کہا کہ ایئر چیف مارشل کی مثالی قیادت میں پاک فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 دشمن طیاروں اور جدید میزائل ڈیفنس سسٹمز کو تباہ کیا، جس سے پاکستان کی فضائی برتری مزید مضبوط ہوئی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کے تمام قومی ادارے وطن کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے دعا اور امید ظاہر کی کہ متحد ہو کر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا جائے گا۔













