قومی کرکٹرز اور اداکاروں نے یوم تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور عوام کو پیغام دیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی سے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر آگے بڑھیں، پاکستان سے پہلے کچھ بھی نہیں ہے، پاکستان کو توڑنا نہیں ہے بلکہ پاکستان کو جوڑنا ہے۔
کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کا یوم تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے پیغام
کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے یوم تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے پیغام دیا ہے کہ ”پوری قوم یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان منا رہی ہے۔ وطن پاکستان کی دفاع کی خاطر بہت سے لوگوں نے قربانی دی ہے۔ پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے اور پاکستان کا ایک روشن مستقبل ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہے۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں“۔
ٹی وی آرٹسٹ زارا نور عباس کا پیغام
ٹی وی آرٹسٹ زارا نور عباس نے پیغام دیا کہ’’اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی سے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر آگے بڑھیں۔ یہ وقت نہیں ہے کہ ہم ایک دوسرے پر تہمتیں لگائیں، یہ وقت نہیں ہے کہ ہم ایک دوسرے کے اوپر باتیں اچھالیں۔ یہ وقت ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں اور اس بات کو سمجھیں کہ پاکستان سے پہلے کچھ بھی نہیں ہے۔ کوئی بھی اختلاف پاکستان سے بڑھ کر نہیں ہے۔ پاکستان کو توڑنا نہیں ہے بلکہ پاکستان کو جوڑنا ہے۔‘‘
فلم سٹار سعود قاسمی کا پیغام
فلم سٹار سعود قاسمی نے یوم تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے کہا ہے کہ ”مجھے بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ 9 مئی کو جو ہمارے قومی اداروں کے ساتھ ہوا، مجھے دلی افسوس ہے، آرمڈ فورسز ہماری حفاظت کرتی ہیں۔ ہمارے ملک کی حفاظت کرتی ہیں، ہم سکون سے اپنے گھروں میں بیٹھتے ہیں، نمازیں پڑتے ہیں، مسجدوں میں جاتے ہیں، دوسرے مذاہب کے لوگ اپنی عبادت گاہوں میں جاتے ہیں اور ایک آزاد زندگی گزارہے ہیں۔ خدا کے واسطے پاکستان کی قدر کیجیے، اپنے اداروں کی قدر کریں، ان ہی کی وجہ سے پاکستان قائم ودائم ہے اور انشاء اللہ رہے گا“۔