ایشیا کپ کے لیے بھارت کا پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کا عندیہ

منگل 23 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ 2023 کے لیے بھارت نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو کچھ شرائط پر تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے ہائیبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے لیے رضا مندی ظاہر کی ہے اور اس رضامندی کے نتیجے میں بھارت نے شرط ظاہر کی ہے کہ پاکستان کو بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کے لیے تحریری یقین دہانی کرانی ہوگی۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں بتایا کہ بی سی سی آئی اس حوالے سے باضابطہ اعلان 27 مئی کے اجلاس کے بعد کرے گا۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت ایشیا کپ کے مقابلے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا اور نیوٹرل وینیو متحدہ عرب امارات یا سری لنکا ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان بھارتی فیصلے کے بعد کرے گا۔

واضح رہے رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان اور اس کے بعد ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے۔ بھارت نے ایشیا کپ پاکستان میں منعقد ہونے کی وجہ سے شرکت سے انکار کیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بھی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارت جانے سے انکار کردیا تھا۔

تاہم دونوں بورڈز کے درمیان پاکستان کی جانب سے تجویز کیے جانے والے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت جاری ہے۔

ہائبرڈ ماڈل کیا ہے؟

نئے ہائبرڈ ماڈل کے مطابق ایشیا کپ 2 حصوں میں کھیلا جائے گا۔

پہلے حصے میں بھارت کے علاوہ تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور یہاں 4 میچ کھیلے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے میں یہی تمام ٹیمیں انڈیا کے خلاف کسی دوسرے مقام پر میچ کھیلیں گی اور یہ مقام متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں سے کوئی ایک ہوسکتا ہے۔

بھارت، بنگلادیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انکار کیا ہے، جس کی وجہ سے دوسرا حصۃ ممکنہ طور پر سری لنکا میں کھیلا جاسکتا ہے۔

اس ہائبرڈ ماڈل میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ چاہے بھارت فائنل تک پہنچے یا نہیں، ایونٹ کا فائنل پاکستان میں نہیں کھیلا جائے گا۔

جیسے ہی ایشین کرکٹ کونسل ہائبرڈ ماڈل کا اعلان کردے گی ویسے ہی ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان بھی جون کے آخر تک کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp