سابق اسپیکر قومی اسمبلی و پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام نے شہباز شریف کو مسترد کیا تھا، مگر انہیں وزیراعظم بنا دیا گیا۔
پشاور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدلیہ کو مفلوج کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کھڑی ہے۔
پڑھیں: پی ٹی آئی کا پشاور میں جلسہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی شریک
اسد قیصر نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی عوام سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا ہے اور طاقتور حلقوں نے فیصلہ کیا کہ عوام کے پاس ووٹ کا حق نہیں ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغان بارڈر کو جلد از جلد کھولا جائے۔
تقریب کے دوران کارکنوں کی جانب سے ڈی چوک، ڈی چوک کے نعرے بھی لگائے گئے، جس پر اسد قیصر نے کہا کہ ڈی چوک کی خواہش جلد پوری ہو جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کامیاب جلسے پر ضلع پشاور کے ارکان و رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ خیبرپختونخوا بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مضبوط قلعہ ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی جلسہ ملتوی ہونے پر محمود اچکزئی کیوں ناراض ہیں؟
اسد قیصر نے زور دیتے ہوئے کہاکہ دھمکی سے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے ساتھی نہیں جھکیں گے۔
واضح رہے کہ پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ جاری ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر سیاسی رہنما شریک ہیں۔













