بنگلہ دیش الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے 13ویں عام انتخابات کا شیڈول 8 سے 15 دسمبر کے درمیان کسی بھی روز جاری کیا جائے گا، یہ بات اتوار کے روز الیکشن کمشنر ابوالفضل محمد ثنا اللہ نے الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر میں اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں بتائی۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش انتخابات سے قبل سی آئی ڈی اور ٹک ٹاک کا تعاون بڑھانے پر اتفاق
الیکشن کمشنر کے مطابق چیف الیکشن کمشنر پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ انتخابی شیڈول دسمبر کے دوسرے ہفتے میں جاری ہوگا، جو 8 سے 15 دسمبر کے درمیان آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور شیڈول اسی ہفتے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
فروری 2026 میں عام انتخابات اور ریفرنڈم ایک ہی روز
عبوری حکومت پہلے ہی اپنا انتخابی روڈ میپ جاری کرچکی ہے، جس کے تحت قومی انتخابات اور نیشنل چارٹر پر ریفرنڈم فروری 2026 کی پہلی ششماہی میں ایک ہی روز منعقد ہوں گے۔
پولنگ کے اوقات میں اضافہ
ثنا اللہ نے یہ بھی بتایا کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں پولنگ کے اوقات ایک گھنٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب پولنگ صبح 7:30 پر شروع ہو کر شام 4:30 تک جاری رہے گی۔
سیاسی جماعتوں کی بھرپور انتخابی مہم کی تیاری
آئندہ انتخابات کو انتہائی اہم تصور کیا جارہا ہے، خصوصاً حالیہ سیاسی کشیدگی اور انتخابی اصلاحات کے مطالبات کے بعد مختلف سیاسی جماعتیں بھرپور انتخابی مہم کی تیاری کررہی ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن کا اعلان آئندہ ماہ بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال پر گہرا اثر ڈالے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں عام انتخابات سے قبل سیاسی تشدد میں خطرناک اضافہ
دوسری جانب بیرون ملک مقیم ووٹرز کی رجسٹریشن بھی جاری ہے، جہاں ہزاروں افراد پوسٹل بیلٹ کے لیے رجسٹر ہورہے ہیں۔
ملکی سیاسی فضا میں گرما گرمی بڑھ چکی ہے اور بڑی سیاسی جماعتیں اپنے انتخابی منصوبے شیڈول کے اعلان سے قبل ہی ترتیب دینا شروع کرچکی ہیں۔














