لائن آف کنٹرول کے قریب واقع یونین کونسل پاہل میں پاک فوج کی جانب سے عوامی فلاح کے سلسلے میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
کیمپ میں علاقے کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مرد، خواتین، بزرگ اور بچے طبی معائنے کے لیے پہنچے۔ سرد موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد کی آمد اس بات کا ثبوت تھی کہ علاقے میں صحت کی بنیادی سہولیات کی کس قدر شدید کمی ہے۔
میڈیکل کیمپ میں موجود پاک فوج کے ماہر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا۔ شوگر، بلڈ پریشر، آنکھوں، جلد اور موسمی بیماریوں سمیت مختلف امراض کے مفت ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ مریضوں کو ان کی بیماریوں کے مطابق مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ عوام نے اس اقدام پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا کہ دور دراز علاقے میں اس نوعیت کی سہولت ان کے لیے بے حد مفید ہے۔
یہ بھی پڑھیے بالاکوٹ: پاک فوج کا سیلاب متاثرین کے لیے مفت میڈیکل کیمپ
ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ملک اسحاق اعوان نے کیمپ کا دورہ کیا اور پاک فوج کی اس عوامی خدمت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے قریب رہنے والی آبادی متعدد مشکلات کا سامنا کرتی ہے اور صحت کے شعبے میں اس طرح کی سہولیات فراہم کرنا قابل ستائش ہے۔
کیمپ میں موجود عوام نے بھی پاک فوج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ ہمارے دکھ درد میں ساتھ دیتی ہے اور مشکل وقت میں ان کا تعاون ہمارے لیے حوصلے کا باعث بنتا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اس طرح کے فری میڈیکل کیمپ نہ صرف فوری طبی سہولت فراہم کرتے ہیں بلکہ صحت عامہ کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے حکومت پاکستان کی مدد سے کشمیری پناہ گزین کامیابی کی راہ پر گامزن
فری میڈیکل کیمپ کے کامیاب انعقاد پر عوام نے پاک فوج سے اظہار تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے کیمپ جاری رہیں گے تاکہ بنیادی صحت کے مسائل میں مزید کمی لائی جا سکے۔













