بزنس ٹریولر نے 2025 کے بہترین ایئرپورٹس کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں سنگاپور چانگی ایئرپورٹ ایک بار پھر دنیا کا بہترین ایئرپورٹ قرار پایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چانگی ایئرپورٹ نے اپنے شاندار ڈیزائن، جدید سہولیات اور مسافر دوست ماحول کی بدولت سب پر سبقت لے لی۔

ایئرپورٹ کے منفرد انفراسٹرکچر اور سہولتی نظام نے اسے مسلسل ایک اعلیٰ معیار کا مرکز بنائے رکھا ہے۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر دوحہ کا حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ رہا، جو اپنے پُرتعیش ماحول، کشادہ ٹرمینلز، بلند و روشن چھتوں اور جدید آرٹ انسٹالیشنز کے باعث عالمی مسافروں میں انتہائی مقبول ہے۔

اس کے خصوصی ڈیزائن نے روایتی ایئرپورٹس کے رش اور ہنگامے کو نئی شکل دی ہے۔
تیسری پوزیشن استنبول ایئرپورٹ نے حاصل کی، جو یورپ کے سب سے بڑے اور فعال ایئرپورٹس میں شمار ہوتا ہے۔

اپنی وسعت، جدید رن ویز، خودکار نظاموں اور بھاری ٹریفک کو مؤثر انداز میں سنبھالنے کی صلاحیت کی بدولت یہ ایک بڑا علاقائی مرکز بن چکا ہے۔
چوتھے نمبر پر ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ رہا، جو ایشیا کے سب سے قابلِ بھروسہ اور مؤثر انداز میں چلنے والے ایئرپورٹس میں سے ایک ہے۔

منظم آپریشنز، صفائی کے اعلیٰ معیار اور صارف دوست ڈیزائن نے اسے سالہا سال سے ممتاز مقام دلایا ہوا ہے۔
پانچویں پوزیشن کوالا لمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ملی، جس نے ملائیشیائی مہماننوازی، کشادہ فنِ تعمیر اور جدید سہولیات کے امتزاج سے مسافروں کو ایک پُرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کیا۔

کوالا لمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ہوا دار انٹیریئرز اور ٹراپیکل طرزِ تعمیر نے اسے منفرد شناخت دی ہے۔














