شادی کی سالگرہ کے روز میاں بیوی پولیس افسر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے، میئر سکھر نے جوڑے کی شادی کی سالگرہ کی تقریب اسپتال میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میئر سکھر نے سندھ پولیس کے بہادر میاں بیوی افسران جو دونوں ڈی ایس پی ہیں، کی اسپتال میں عیادت کے موقع پر کہا کہ آج اس جوڑے کی شادی کی سالگرہ ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ خوشی ایک ساتھ منائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکوؤں کیخلاف بہادری کا مظاہرہ کرنے والے شہری کے لیے نقد انعام اور تعریفی سند
تقریب سے خطاب میں میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ ہم اپنے دونوں ڈی ایس پیز اور سندھ پولیس کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ان کے لیے دعا ہے کہ اللہ انہیں جلد صحت یابی عطا کرے۔ ان جوانوں کی واپسی دیکھ کر نہ صرف خوشی ہوئی بلکہ ان کے بلند حوصلے نے سب کے دل جیت لیے۔
انہوں نے کہا کہ زخمی حالت کے باوجود سندھ پولیس کے جوان مسکراتے رہے اور پوری توجہ اس بات پر تھی کہ وہ ڈاکوؤں اور قاتلوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ اللہ کے فضل سے 10 ڈاکو جہنم واصل کیے جاچکے ہیں، چاہے یہ 10 ہوں یا 10 ہزار، سندھ پولیس سب کو انجام تک پہنچائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شکارپور میں امن کی بحالی، 71 ڈاکوؤں کا سرینڈر، 209 ہتھیار پولیس کے حوالے
انہوں نے اس موقع پر ضیاالدین اسپتال کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اسپتال نہ صرف بین الاقوامی معیار کی ایمرجنسی اور صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ اس فوری صورتحال میں کراچی جانے کی ضرورت کے بغیر مقامی طور پر بہترین علاج مہیا کیا گیا۔ دونوں زخمی ڈی ایس پیز اور اہلکاروں کو اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر ایک بار پھر بتایا گیا کہ آج ان کی شادی کی سالگرہ ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ سب مل کر یہ خوشی منائیں گے۔














