پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو پتھری کی کامیاب سرجری کے بعد صحتیاب ہونے پر اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے کے بعد لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے، ان کے وکیل رانا مدثر عمر نے بدھ کو بتایا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی کامیاب سرجری، ڈاکٹروں کی خصوصی نگرانی جاری ہے، تحریک انصاف
شاہ محمود قریشی پچھلے ماہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں پتھری کے مسائل کے باعث اسپتال میں داخل تھے، جہاں ان کی پتھری نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔
رانا مدثر عمر کے مطابق، قریشی کی حالت بہتر ہونے پر انہیں اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور دورانِ علاج کیے گئے ٹیسٹوں کی رپورٹس 15 دن میں جاری کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی رہنما پر 9 مئی 2023 کے فسادات سے متعلق متعدد مقدمات میں فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے اور وہ اگست 2023 سے جیل میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی اسپتال منتقل،کن سابق ساتھیوں نے ملاقات کی، معاملہ کیا ہے؟
جولائی 2024 میں لاہور کی اینٹی ٹیررزم کورٹ نے شاہ محمود قریشی کو شادمان پولیس کی رپورٹ پر مقدمے میں فردِ جرم عائد کی، جس میں پولیس اسٹیشن پر حملہ اور آگ لگانے کا الزام تھا۔
اسی ماہ، ان کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے پولیس کی درخواست پر کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا کہ قریشی کو بار بار راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنا حکام اور سابق وزیر کے لیے ممکن نہیں تھا۔













