شہناز گل نے کیا واقعی سدھارتھ کی موت سے فائدہ اٹھایا؟

بدھ 24 مئی 2023
author image

سفیان خان

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شہناز گل نے سدھارتھ شکلا کی موت کو صحیح معنوں میں کیش کرایا ہے۔یہ الزام خوبصورت،دل کش اور نازک اندام حسینہ پر گزشتہ کئی ماہ سے لگ رہا ہے۔ شہناز کور گل کو اس حوالے سے کٹہرے میں کھڑے کرنے والے کوئی اور نہیں آنجہانی سدھارنتھ شکلا کے پرستار ہیں۔

ان میں سے کئی یہ بھی الزام لگانے میں دیر نہیں کرتے کہ 2ستمبر 2021کو بگ باس سیزن 13کے فائنلسٹ سدھارتھ کی اچانک موت پر شہناز گل جو غم زدہ اوردکھوں کی تصویر بنی ہوئی تھیں جن کی آنکھوں سے آنسوؤں کا سیلاب آیا تھا۔ بوائے فرینڈ کے یوں دنیا سے اچانک چلے جانے پر ان کے دل و دماغ پر گہرا اثر ہوا ہے۔ ہر ایک کو شہناز سے ہمدردی اور جذباتی لگاؤ ہوگیا تھا لیکن اب وہی پرستار شہناز گل کے تمام تر عمل کو ’ڈھونگ‘ اور ’ڈراما‘ قرار دینے میں دیر نہیں لگا رہے۔

شہناز گل اور سدھارتھ کی محبت کی داستان کسی شہزادے اور شہزادی کی طرح رہی ہے۔ دونوں نے2019 میں جب ’بگ باس سیزن13‘ میں حصہ لیا تو ابتدا سے اس جوڑی کو پذیرائی ملی۔ سدھارتھ جہاں نوجوان دلوں کی دھڑکن تھے، ٹاپ کلاس ماڈل تھے جبکہ فلم ’ہمٹی ڈمٹی کی دلہنیا‘ میں کام کرکے اچھی خاصی شہرت سمیٹ چکے تھے پھر ٹی وی ڈراموں کا کیرئیر تو ان کا عروج پر چل ہی رہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ صنف نازک کے علاوہ ایک وسیع حلقہ انہیں پسند کرتا تھا۔

دوسری جانب شہناز گل تھیں جو پنجابی زبان کی فلموں میں کام کرنے کے علاوہ میوزک ویڈیوز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا امتحان لیتی رہی ہیں۔ شہناز گل کی معصومیت اور سادگی مرد حضرات کے لیے کشش کا باعث بنتی۔اسی طرح شہناز اور سدھارتھ کے درمیان زبردست کیمسٹری تھی اور یہی وجہ ہے کہ ’بگ باس سیزن 13‘ میں دھیرے دھیرے کئی امیدوار آؤٹ ہوتے رہے لیکن اس جوڑی کا راج فائنل تک رہاجو اس جانب اشارہ تھا کہ دیکھنے والوں کے دلوں میں یہ جوڑا گھر کرگیا ہے۔

جہا ں یہ ’بگ باس سیزن 13‘ سدھارتھ نے جیتا وہیں شہناز گل سکینڈ رنراپ رہیں۔ اس شو کے دوران ہی شہناز اور سدھارتھ کے دل کے گلشن میں محبت کے پھول کھلے۔ دونوں پھر ساتھ ساتھ نظر آنے لگے اور مشہور ہوگیا کہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ کر زندگی کا نیا سفر شرو ع ہونے والا ہے۔

اس رومانی کہانی میں اس وقت جذباتی اور ٹریجڈی موڑ آیا جب صرف40برس کی عمر میں سدھارتھ دل کا دورہ پڑنے سے زندگی کی بازی ہار بیٹھے۔جواں عمری میں سدھارتھ کی موت نے ہر ایک کو ہلا کر رکھ دیا۔ بیشتر تو یقین کرنے پر تیار نہیں تھے کہ ہنستے مسکراتے سدھارتھ کی یوں بھی زندگی بے وفائی کرسکتی ہے۔

ادھر سدھارتھ کی یوں اچانک جدائی پر ذرائع ابلاغ میں روتی بلکتی شہناز گل کی تصاویر اور ویڈیوز گردش میں رہیں، انہیں دیکھ کر یہی لگا کہ محبوب کی موت نے شہناز گل کو ساری زندگی کا روگ دے دیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ جو ہر خبر اور واقعے کا ڈھول پیٹنے میں کبھی پیچھے نہیں رہتا۔ اس نے حسب روایت مرچ مسالہ اور’ ڈرامائی ٹچ‘ دے کر سدھارتھ کی موت کو خوب فروخت کیا گیا۔ شہناز گل کے والدین ہر لمحے یہ گردان کرتے کہ بٹیا رانی حواس کھو بیٹھی ہے۔ مسلسل روئے چلی جارہی ہے۔ آنسوؤں کی لڑیاں ہیں جو تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے وہ ڈرامائی رننگ کمنٹری کی کہ گمان ہونے لگا کہ جیسے موجودہ دور کے شیریں فرہاد یا لیلیٰ مجنوں کی جوڑی ٹوٹ گئی ہے۔ادھر سوشل میڈیا پر ’سد ناز‘ کا ہیش ٹیگ گردش میں رہا۔ اسکرینز پر بار بار شہناز گل کی وہ ویڈیو نشر ہوتی جس میں وہ سوجی سوجی اور غم میں ڈوبی آنکھوں کو کیمروں سے چھپاتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ کر منزل کی طرف رواں دواں ہوتی ہیں۔غم اور الم کی عکاسی کرتی شہناز گل کو دیکھ کر لگ ہی نہیں رہا تھا کہ وہ اس صدمے سے کبھی باہر نکل پائیں گی۔

شہناز گل جن کے 25جنوری 2021کو یو ٹیوب چینل پر ایک لاکھ سبکسرائبرز ہوئے تھے۔ پرستاروں کی ایک بڑی تعداد نے اب دھڑ ا دھڑ شہناز گل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ یو ٹیوب چینل کو بھی سبسکرائپ کرنا شروع کردیا۔ان کے ویڈیوز کو دیکھنے کا تناسب بڑھتا ہی چلا گیا اوراس تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا گیا۔

دھیرے دھیرے زندگی آگے بڑھنے لگی اور ایسے میں سدھارتھ شکلا کی موت کے لگ بھگ ایک ماہ بعد شہناز گل نے اعلان کیا کہ وہ اپنے آنجہانی محبوب کو ایک ویڈیو سونگ کے ذریعے خراج عقیدت پیش کرنے جارہی ہیں اور جب اکتوبر کے اختتامی دنوں میں شہنا ز گل کی آواز میں ’تو یہیں ہے‘ نشر ہوا تو اس نے شہرت اور مقبولیت کے تمام تر ریکارڈ توڑ دیے۔ اندازہ لگائیں کہ اب تک اس ویڈیو گیت کو 75ملین سے زیادہ صارفین دیکھ چکے ہیں جبکہ شہناز گل کے یو ٹیوب چینل کے سبسکرائپرز 20لاکھ 70ہزار سے زائد ہوچکے ہیں۔

وہ شہناز گل جن کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ کبھی بھی زندگی کے دھارے میں لوٹ نہیں پائیں گی۔ وہ اب پھر سے محفلوں کی جان تصور کی جانے لگیں۔ فلمی تقریبات میں ہنستی مسکراتی ہوئی آتیں تو وہیں مختلف برانڈ کی تشہیر میں بھی نمایاں رہتیں۔رواں سال انہوں نے 2 آئی کون ایوارڈز بھی جیتے اور سب کو یہ جان کر خوش گوار حیرت ہوئی کہ سلمان خان نے انہیں ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں کاسٹ کرلیا

اس پر شہناز کا یہی کہنا تھا کہ سلمان خان نے خود انہیں فون کرکے اس کردار کی پیش کش کی اور کہا کہ وہ تلخ اور غمگین ماضی کو بھول کر آگے بڑھیں۔ عید پر نمائش پذیر ہونے والی ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ نے جہاں کمائی زبردست کی وہیں پوجا ہیگڑے کے ہوتے ہوئے شہناز گل کی اداکاری کو خاصا سراہا گیا۔

شہناز گل کے چہرے کی مسکان لوٹ آئی ہے اوررہی بات سدھارتھ شکلا کے چاہنے والوں کو اب ہضم نہیں ہورہی۔ جو یہی کہتے نظر آتے ہیں کہ کسی ماہر اور منجھی ہوئی اداکارہ کی طرح شہناز گل نے جم کرسدھارتھ کی موت پر اداکاری کی اور سدھارتھ کے غم کو ہوا میں اڑا دیا۔ اب کچھ تو شہناز سہگل کا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بھلا ایسا کبھی ہوتا ہے کہ مرنے والے کے ساتھ مرا جائے۔خیر شہناز گل کے دل کا حال تو وہ ہی بہتر بتاسکتی ہیں لیکن یہ ضرور ہے کہ حال میں ممبئی کے مہنگے علاقے میں اپنا گھر خرید نے والی شہناز گل نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ’بگ باس سیزن 13‘ کی وہ سستی کھلاڑی تھیں لیکن سب سے مہنگی بن کر باہر نکلیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

سفیان خان کئی اخبارات اور ٹی وی چینلز سے وابستہ رہے ہیں۔ کئی برسوں سے مختلف پلیٹ فارمز پر باقاعدگی سے بلاگز بھی لکھتے ہیں۔

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp