کراچی میں سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر عمران کے مطابق کارروائی کے دوران جواد اور ملا شاہ زیب نامی 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جو صمد کاٹھیاواڑی بھتہ خور گروہ کے رکن ہیں اور متعدد مقدمات میں پولیس کی مطلوب فہرست میں شامل تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، 14 ملزمان گرفتار
ان کے مطابق ملزمان بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہے تھے اور چھاپے کے دوران ان کے قبضے سے چھوٹے اور بڑے ہتھیار، ساتھ ہی گولیوں کے میگزین بھی برآمد کیے گئے۔ ایس ایس پی نے واضح کیا کہ ثروت اعجاز قادری کو حراست میں نہیں لیا گیا۔
دوسری جانب سنی تحریک نے پولیس کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ثروقت اعجاز قادری کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ قادری ہاؤس پر چھاپے کے دوران چادر و چار دیواری کی حرمت پامال کی گئی اور کیمروں کو توڑ کر کارروائی چھپانے کی کوشش کی گئی۔
مزید پڑھیں: بلاول ہاؤس کے قریب سیف سٹی کیمروں کا ایک اہم ڈسٹری بیوشن باکس چوری، کراچی پولیس پریشان
سنی تحریک نے مزید کہاکہ کراچی ڈویژن کے عہدیداران اور کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا، تاہم طاقت کے استعمال سے حق و سچ کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔














