2 نئی پی ایس ایل ٹیموں کے لیے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

اتوار 14 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کی 2 نئی ٹیموں کے لیے بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔ پی سی بی کے مطابق یورپ، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ سے بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل، 2 نئی فرنچائزز کے لیے بنیادی قیمت کتنی مقرر کی گئی ہے؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ جو پہلے 15 دسمبر مقرر تھی، اب بڑھا کر 22 دسمبر 2025 کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف خطوں سے سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ توسیع کی گئی ہے، اور وہ پی ایس ایل فیملی میں نئے فرنچائز مالکان کو خوش آمدید کہنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں سے ہوا تھا، جبکہ 2018 میں ایک ٹیم کے اضافے کے بعد لیگ 6 ٹیموں پر مشتمل ہو گئی تھی۔

اب آئندہ 11ویں ایڈیشن سے لیگ میں مزید دو ٹیموں کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد فرنچائزز کی مجموعی تعداد 8 ہو جائے گی۔ یہ گزشتہ 7 برسوں میں پی ایس ایل کی پہلی بڑی توسیع ہوگی۔

دوسری جانب پی سی بی عالمی سرمایہ کاروں سے روابط کے سلسلے میں آج نیویارک میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد کر رہا ہے۔ یہ روڈ شو 6 جنوری کو ہونے والی نئی فرنچائزز کی نیلامی سے قبل منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین محسن نقوی کے علاوہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا، شان مسعود، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب اور سعود شکیل بھی شرکت کریں گے۔

پی سی بی اس سے قبل لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھی ایک کامیاب روڈ شو منعقد کر چکا ہے، جہاں بڑی تعداد میں سرمایہ کاروں نے شرکت کی اور نئی پی ایس ایل فرنچائزز خریدنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp