ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دبئی کے ایک خالی سڑک پر صرف ایک گاڑی کو سرخ بتی پر رکتے ہوئے دکھایا گیا ہے، باوجود اس کے کہ سڑک پر کوئی ٹریفک موجود نہیں تھی۔ یہ لمحہ دبئی میں نظم و ضبط اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا کا بلند ترین ہوٹل سیئل ٹاور اتفاقاً دبئی کی اسکائی لائن کا تاج کیسے بن گیا؟
دبئی میں ایک بھارتی خاتون نیہا جیسوال کی جانب سے شیئر کی گئی انسٹاگرام ویڈیو میں صبح 4 بجے خالی سڑک پر ایک گاڑی کو سرخ بتی پر صبر کے ساتھ رکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں اسکرین پر پیغام بھی نظر آتا ہے ’یہی وجہ ہے کہ دبئی مختلف محسوس ہوتا ہے، چاہے وقت کوئی بھی ہو، قوانین قوانین ہیں‘۔
View this post on Instagram
نیہا جیسوال نے اپنے کیپشن میں بھی یہی بات دہرائی کہ ’دبئی، یہ مختلف ہے، چاہے صبح کے 4 بجے ہوں، قوانین قوانین ہیں‘۔
ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور لوگوں نے دبئی میں ٹریفک قوانین کی پابندی کی تعریف کی۔
صارفین نے ویڈیو پر مختلف قسم کے تبصرے کیے، جن میں بعض نے اس نظم و ضبط کی تعریف کی، کچھ نے مزاحیہ انداز میں موازنہ کیا، اور بعض نے اپنی مقامی سڑکوں کے حالات کے ساتھ تضاد دکھایا۔
یہ بھی پڑھیں:دبئی میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کا افتتاح، روم چارجز کیا ہیں؟
ایک صارف نے لکھا ’وقت اہم نہیں، کیمرے نہیں سوتے‘، جبکہ دوسرا مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’حبیبی، ممبئی آؤ‘، اور ایک تیسرے نے کہا، ’وقت اہم نہیں، جرمانہ اہم ہے، ایک ماہ کی تنخواہ سیکنڈوں میں جا سکتی ہے‘۔
ویڈیو کو اب تک 13,000 سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور یہ دبئی کی ٹریفک نظم و ضبط اور قوانین کی پابندی کی مثال کے طور پر سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو گئی ہے۔













